پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ( پی ایم ڈی سی)نے پاکستان کے 12 میڈیکل کالجز میں غیر معیاری تدریس اور سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث داخلوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پی ایم ڈی سی نے یہ فیصلہ انسپکشن ٹیم کی رپورٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ پابندی کا سامنا کرنے والے کالجز میں پاک کریسنٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہور، ویمن میڈیکل کالج ایبٹ آباد، انڈیپنڈنٹ میڈیکل کالج فیصل آباد، ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج ایبٹ آباد، محی الدین اسلامک میڈیکل کالج میرپور آزاد کشمیر، حشمت میڈیکل کالج گجرات، بھٹائی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میرپور خاص سندھ، محمد بن قاسم ڈینٹل کالج کراچی، ساہیوال میڈیکل کالج ساہیوال، الرازی میڈیکل کالج پشاور ، اے جے کے میڈیکل کالج مظفر آباد اور ایم بی بی ایس میڈیکل کالج میر پور آزاد کشمیرشامل ہیں۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے یہ پابندی تعلیمی سال2014-15 کے لئے لگائی ہے تاکہ طب کی معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ گزشتہ چند برس کے دوران نجی شعبہ میں بننے والے غیر معیاری تدریسی اداروں کے قیام کے باعث میڈیکل جیسے اہم شعبہ میں تدریس کا معیار گرا ہے۔ میڈیکل کالجز میں داخلہ کے خواہش مند طلبہ کے مطابق غیر معیاری تدریسی اداروں پر پابندی مستحسن ہے تاہم طلبہ نے میڈیکل کالجز پر پابندی سے معیاری کالجز پر داخلوں کے دباو میں اضافہ کا اندیشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

Leave a Reply