youth-yell

رات ہمیشہ تو نہیں رہتی ہے
آیتیں سچ ہیں مگر تُو نہیں سچّا مُلّا
تیری تشریح غلط ہے، مِرا قُرآن نہیں
دین کو باپ کی جاگیر سمجھنے والے
تجھ سوا اور یہاں کوئی مسلمان نہیں ؟؟؟

تُو کوئی آج کا دشمن ہے؟؟ بتاتا ہوں تجھے
تیری تاریخ ابھی یاد دلاتا ہوں تجھے
کون تھے مسجدِ ضرّار بنانے والے؟؟
تہمتیں خاتمِ مُرسل پہ لگانے والے؟
آستینوں میں بُتوں کو وہ چُھپانے والے؟
یاد آیا تجھے؟؟ او ظلم کے ڈھانے والے

لاکھ فتنے تری پُر فتنہ زباں سے اُٹھّے
تُو اُدھر چیخا،اِدھر لاشے یہاں سے اُٹھّے
تُو جہاں پیر دھرے،امن وہاں سے بھاگے
دوزخی دھول ترے زورِ بیاں سے اُٹھّے
بھیس مسلم کا، زباں کوفی و شامی تیری
داعشی فکر سے ہے روح جذامی تیری

تُو نے قُرآن پڑھا ؟؟ پڑھ کے گنوایا تُو نے
درس میں بچّوں کو بارود پڑھایا تُو نے
رمزِ سجدہ کو سیاست سے مِلایا تُو نے
لوگ دشمن کے لئے سوچ نہیں سکتے جسے
کارِ بد بخت وہ بچّوں سے کرایا تُو نے

آج دنیا کو جو مسلم کا بھروسہ کوئی نئیں
اِس اذیّت کا سبب تیرے علاوہ کوئی نئیں
تری تفسیرِ غلط فکر نے وہ زخم دئیے
جن کا برسوں تو کُجا،صدیوں مداوا کوئی نئیں

ہُوک اُٹھتی ہے تو سینے کی طرف دیکھتا ہوں
بار بار آج مدینے کی طرف دیکھتا ہوں
دیکھتا ھوں کہ مِرا گنبدِ خضریٰ والا
میرا آقا مِرا مولا مِرا شاہِ اعلیٰ
شافعِ روزِ جزا، عرضِِ گدا سنتا ہے
جس کے ھونے سے یقیں ھے کہ خدا سنتا ہے
خیر کی ایک چمک ھے جو علی کہتی ہے
رات ہے؟؟
رات ھمیشہ تو نہیں رہتی ہے۔۔۔۔!!

Leave a Reply