Laaltain

انا کا کون سا چہرہ تھا وہ

21 جون, 2017
Picture of شارق کیفی

شارق کیفی

انا کا کون سا چہرہ تھا وہ
انا کا کون سا چہرہ تھا وہ
میں یہ سمجھ پایا نہیں ہوں آج تک
خبر یہ آتی تھی
طبیعت رات سے بہتر ہے کچھ اس وقت ان کی
مجھے یہ بات سن کر تو خوشی سے جھوم اٹھنا چاہئیے تھا
مگر میں چپ کھڑا تھا
یہ شاید وہ نہیں تھا جو میں سننا چاہتا تھا
تو کیا اس خاص پل میں
میں ان کی موت کا خواہاں تھا؟
اور وہ بھی اس ذرا سی بات پر
کہ میں نے رات یوں ہی دوستوں کے بیچ میں یہ کہہ دیا تھا
مجھے آثار کچھ اچھے نہیں لگتے
سویرے تک بھی یہ زندہ اگر رہ جائیں تو جانو
کہا پورا نہ ہو نے کی مری
بے عزتی
کسی کی جان سے بڑھ کر بھی ہو سکتی ہے
مجھ کو یہ نہیں معلوم تھا

ہمارے لیے لکھیں۔