Laaltain

منی پلانٹ

22 ستمبر, 2017
Picture of ثروت زہرا

ثروت زہرا

پرائے اجنبی آنگن میں
ڈالر اور درہم کے لیے
سینچا گیا ہوں
یہ مرے سبزے کی خوبی تھی
جبھی تو مجھ کو دھرتی سے
نکالا مل گیا تھا
اور اب اس اجنبی بوتل میں
میرے سبز رہنے کے ہنر کو
آزمایا جا رہا ہے

مرے اپنے وطن کی خاک سے
مجھ کو بچایا جارہا ہے
چھپایا جارہا ہے
مجھے ویران کرکے گھر سجایا جارہا ہے
غلامی اور تنہائی
مرے اس فن کا نذرانہ
روپیا میرے جینے کا بہانہ
پرائے اجنبی آنگن میں
ڈالر اور درہم کے لیے
سینچا گیا ہوں

ہمارے لیے لکھیں۔