Categories
شاعری

ایک دن بارش کے ساتھ

نصیر احمد ناصر: بارش اے بارش!
کتنی اچّھی ہے تُو
مجھ میں برس کر بھیگ نہ جانا
بارش اے بارش!
کتنی اچّھی ہے تُو
کس موسم کی بیٹی ہے تُو
صوتِ غِنا ہے،
ققنس پیدا کرتی ہے، موسیقی ہے تُو
تیرے گیت کی لَے پر
لفظ مِرے رقصیدہ ہیں
جھوم جھوم کے لکھتا ہوں
ہاتھ بڑھا کر بادل کو کھڑکی تک لے آتا ہوں
تجھ کو باتوں میں لگا کر
جھیلیں، دریا اور سمندر نظموں میں بھر لاتا ہوں
آتشدان کے آگے
اولوں کے ڈھیر لگا دیتا ہوں
پانی بن جاتا ہوں

بارش اے بارش!
کتنی اچّھی ہے تُو
مجھ میں برس کر بھیگ نہ جانا !!

Image: Budi Siswanto

By نصیر احمد ناصر

نصیر احمد ناصر پاکستانی اردو شاعری کا نمایاں اور رحجان ساز نام ہے۔ آپ کی شاعری دنیا کی مختلف زبانوں میں ترجمہ وہ چکی ہے۔ آپ 'تسطیر' کے نام سے ایک ادبی جریدہ بھی نکالتے رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *