Categories
نقطۂ نظر

عمران خان صاحب!میں مٹھائی نہیں بانٹوں گا

محترم عمران خان صاحب!

 

آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ میں مٹھائی نہیں بانٹوں گا۔ اگر کبھی چند سوفوجیوں نے رات کے اندھیرے میں وزیراعظم ہاوس کے ٹیلی فون کنکش کاٹ دیے، پارلیمان کا دروازہ پھلانگا، ٹی وی پر میرے عزیز ہم وطنوں کا راگ الاپا، عدالتی ترازو میں اپنے چار ستاروں کا بوجھ ڈالا، کبھی لیف رائٹ کا رخ شاہراہ دستور کی جانب ہوا، جیلوں کے اژدھے سیاسی جماعتوں پر کھلے چھوڑ دیے گئے، کاسہ لیسوں کی کوئی قومی حکومت بنی تو یاد رکھیے میں مٹھائی نہیں بانٹوں گا۔ آپ کا یہ بیان ہمارے اجتماعی شعور کی توہین ہے، یہ ہماری اس جمہوری روایت کی توہین ہے جو ایوب، ضیاء اور مشرف کی فرعونیت کے سامنے موسیٰ بن کر آتی رہی ہے۔ عین ممکن ہے بہت سے لوگ مٹھائیاں بانٹیں، بہت سے لوگ خوشیاں منائیں اور بہت سے لوگ نماز شکر ادا کریں مگر میں حبیب جالب کی طرح میں نہیں مانتا ہی چلاوں گا۔

 

آپ بھول گئے ہیں کہ ہم نے لاہور جلسے کا رخ کسی جرنیل کے ایس ایم ایس پر نہیں کیا تھا، ہم نے ووٹ کسی عسکری نشان کو نہیں دیا تھا
آپ بھول گئے ہیں کہ ہم نے لاہور جلسے کا رخ کسی جرنیل کے ایس ایم ایس پر نہیں کیا تھا، ہم نے ووٹ کسی عسکری نشان کو نہیں دیا تھا اور ہم دھرنے میں کسی کی ٹویٹ پر نہیں آئے تھے ہم نے آپ کو دیکھا اور آپ کی ایمانداری اور ایک روشن مستقبل کے خواب کو دیکھا تھا، لیکن مجھے افسوس ہے کہ آپ نے ہمارے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ آپ نے ہماری بجائے پہلے بھی ان کی جانب دیکھا ہے جو اس سے قبل ہماری توہین کر چکے ہیں، جو ہمارے ووٹوں کو کچرے اور ردی سے زیادہ اہمیت دینے کو تیار نہیں، جنہوں نے ہم سے ہماری جمہوریت اور آئین چار مرتبہ چھینے ہیں، جن کے ہاتھ ہمارے خون سے سرخ ہیں اور بازاروں میں سرعام کوڑے لگواتے رہے ہیں۔ آپ نے ان پاکستانیوں کے شعور کی نفی کی ہے جو جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، جو فوج کو اس کے آئینی کردار تک محدود رکھتے ہیں۔ نواز شریف لاکھ برے سہی مگر کسی بھی فوجی آمر سے بہتر ہیں۔ ہم نہ تو کسی آمر کے منتظر ہیں اور نہ ہی اس کی آمد پر مٹھائی بانٹیں گے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا آپ مٹھائی بانٹنے والوں میں سے ہوں گے یا معزول وزیراعظم کا ساتھ دینے والوں میں سے؟ نوازشریف بدعنوان ہیں یا نااہل، انہیں منتخب ایک جمہوری عمل کے ذریعے کیا گیا تھا اور انہیں ہٹانے کے لیے بھی جمہوری راستہ ہی اپنانا ہو گا۔ ہم اپنے ووٹ سے نواز شریف کا احتساب کر سکتے ہیں، ہمیں کاکول اکیڈمی کے پڑھے ہووں کی ضرورت نہیں۔

 

آپ کو خود پر اعتماد نہیں، آپ کو ان ستتر لاکھ سے زائد ووٹوں پر اعتماد نہیں جو آپ کے بھروسے پر ہم نے بیلٹ بکس میں ڈالے، آپ کو اس نظام پر اعتماد نہیں جس کے باعث آپ کی جماعت کو خیبرپختونخوا کی حکومت ملی۔ جس نظام کے تحت آپ کو قومی اسمبلی اور پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں حزب اختلاف میں شمولیت کا موقع ملا اور جس کے تحت آپ اس ریلی سے خطاب کر رہے تھے جہاں آپ نے ہمارے منہ پر یہ کالک ملی کہ ہم کسی فوجی آمر کی آمد پر مٹھائیاں بانٹیں گے۔

 

شاید “وہ” آپ کو ٹرپل ون بریگیڈ میں سیکنڈ لفٹین بھرتی کرنے کو تیار ہو جائیں، کسی ٹینک پر چڑھا کر شاہراہ دستور کی طرف روانہ کر دیں، یا شاید ہمیں اور آپ کو ایک ہی کوٹھڑی میں بند کر دیں
آپ یقین جانیے کہ میں ان میں سے نہیں ہوں گا جو مٹھائیاں بانٹیں گے، جو ہار لے کر پہنچیں گے، جو ایک نجات دہندہ کی آمد کے بینر لگائیں گے اور جو تاحیات انتخاب کی قرارداد منظور کریں گے، میں ان میں سے ہوں گا جو عقوبت خانوں کے دیواروں پر اپنے ماہ و سال کا حساب جوڑتے ہیں، جو ٹینکوں کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں، جو اہل صفا مردودِ حرم ہیں، جو آج تک اسی سحر کی تلاش میں ہیں جس کے انتظار میں کئی داغ داغ اجالے گزر چکے ہیں، جو اپنی صلیبیں اپنے کاندھوں پر اٹھائے سج دھج سے مقتل کو روانہ ہوتے ہیں، جو رک کر کوہ گران ہوئے اور چل کر جان سے گزر گئے۔۔۔۔۔ عین ممکن ہے آپ یا آپ کی جماعت کے کئی ارکان ضرور ان میں سے ہوں جو ایک نئی مسلم لیگ کا حصہ بنیں گے یا ایک نئی نرسری میں کاشت ہونا پسند کریں گے۔

 

عمران خان صاحب!
میں مٹھائی نہیں بانٹوں گا اور اس ارض خدا کے کعبے کا طواف کرنے والے سبھی مشتاق، عشاق کے قافلوں میں شریک سبھی علم بردار اور اس دھرتی کے سبھی بیٹے اور بیٹیاں مٹھائی نہیں بانٹیں گے۔۔۔۔۔ ہمارے لیے بدترین جمہوریت بہترین آمریت سے بہتر ہے اور رہے گی۔ ہمارے لیے ایک منتخب حکومت ہمیشہ ایک وردی والے سے افضل رہے گی، میں نہیں یہ آپ ہیں جو امپائر کی انگلی کا انتظار کرتے رہے، جنہوں نے منتخب حکومت کی برطرفی کے لیے پنڈی والوں کو کی طرف دیکھا لیکن جان لیجیے وہ جب آئیں گے تو نہ آپ کے ہوں گے نہ ہمارے۔ لیکن پھر بھی آپ کوشش کر لیجیے شاید “وہ” آپ کو ٹرپل ون بریگیڈ میں سیکنڈ لفٹین بھرتی کرنے کو تیار ہو جائیں، کسی ٹینک پر چڑھا کر شاہراہ دستور کی طرف روانہ کر دیں، یا شاید ہمیں اور آپ کو ایک ہی کوٹھڑی میں بند کر دیں میں نسخہ ہائے وفا لیتاآوں گا آپ کلیاتِ اقبال پکڑتے لانا خوب گزرے گی۔۔۔۔۔