Laaltain

محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے

14 فروری، 2018
Picture of تصنیف حیدر

تصنیف حیدر

آج چودہ فروری ہے۔محبت کا مخصوص دن۔اچھی بات ہے، ہر شخص کی سالگرہ ہوتی ہے سو حضرت دل کی بھی ہونی چاہیے جو مختلف محبتوں سے آباد کبھی مایوس ہوکر گیلی چھتوں کی دیوار سے پاوں لٹکا کر بیٹھاکرتے ہیں تو کبھی سمندر کنارےسورج کی سنہری رسیوں پر یادوں کی بیلیں سکھاتے نظر آجاتے ہیں۔یہ دن تیسری صدی کے ایک صوفی ویلنٹائن سے وابستہ ہے، مگر معاف کیجیے گا، میں ان سے زیادہ واقف نہیں۔میں کرشن اور رادھا کی دھرتی سے تعلق رکھنے والا شخص ہوں۔چنانچہ محبت کی پری بھاشا میرے لیے ویسی ہے،جیسی میری مٹی نے مجھ پر آشکار کی ہے۔پہلے تو بات کرتے ہیں ان لوگوں کی جو سبھیتا یا تہذیب کی رکھوالی کرنے کا نام لے کر اس خاص روز لڑکوں اور لڑکیوں کو نہ تو لب سڑک ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر چلتے ہوئے دیکھنا پسند کرتے ہیں اور نہ ہی کسی کشادہ ریستوراں کی چھوٹی سی میز پر آنکھوں سے آنکھیں چار کرنے کی اجازت دینا چاہتے ہیں۔تو سب سے پہلے یہ سمجھنا ہوگا کہ مشرقی سماجوں اور تہذیبوں میں محبت سے اس قدر پریشانی کیوں ہے۔یہ جو پرمیشور یا خدا کی چھوٹی چھوٹی دبنگ ٹولیاں، ٹوپی یا تلک لگائے شہروں میں چیختی چلاتی گھومتی ہیں، اس سے یہ سوال تو لازمی طور پر پیدا ہونا چاہیے کہ محبت کی مخالفت کرنے والی کوئی بھی تہذیب کیا اس لائق نہیں کہ اسے نفرت کا پرچارک سمجھا جائے۔لیکن یہ بھی یہ سننا نہ چاہیں گے۔کیونکہ ان کے مذاہب ، جو کہ ان کی تہذیب کااصل مآخذ ہیں ، اس بات کی تشہیر کرتے نہیں تھکتے کہ خدا کے بندوں سےپیار کیجیے۔اب کوئی شخص پیار کو سمجھے تو کیسے سمجھے، جانے تو کیسے جانے۔۔۔کیونکہ آپ نے لوگوں کی سادہ سی تفہیم پر موٹے موٹے تالے یہ سوچ کر لگائے ہیں کہ اس سے تہذیب کا دامن داغدار ہوتا ہے۔یعنی اگر کوئی اکیس سال کا لڑکا، اٹھارہ سال کی لڑکی سے دوستی یا محبت کرنا چاہے تو یہ ایک تہذیبی خسارہ ہوگا۔اب جب ہم پوچھتے ہیں کیسے؟ تو اس کا جواب ایک ہے، وہ ہے بے حیائی اور بے شرمی کا فروغ۔بے حیائی ۔۔میں محبت کے اس مخصوص دن پر اس لفظ کی از سر نو تعریف لکھنا پسند کروں گا۔

بے حیا ہونے کا ایک مطلب ہے، بے لحاظ ہونا۔مطلب آپ جب کوئی غلط کام ببانگ دہل کرتے ہیں تو اسے آپ کی بے حیائی سمجھا جاتا ہے۔اب یہ غلط کام کون طے کرے گا؟ مطلب کسی شخص کا دوسرے کسی شخص سے متعارف ہونا اگر بے حیائی ہے، اسے پسند کرنا، اس کے ساتھ بیٹھنا، ہاتھ میں ہاتھ ڈالنا، آنکھوں سے آنکھیں چار کرنا اور محبت کے ایک خوبصورت تعلق کوا ستوار کرنا اگر بے حیائی ہے تو پھر ہمیں برسوں سے چلے آرہے اس لفظ کی تفہیم پر غور کرنا ہی پڑے گا۔اخباروں میں ہم اکثر خبریں پڑھتے ہیں کہ دن دہاڑے لوٹ مچ گئی، سڑک پر قتل کردیا گیا، سی سی ٹی وی کے ہوتے ہوئے لڑکیوں کو چھیڑا گیا، گالم گلوچ ہوئی ، یہاں تک کہ یہ تو معمولی ہی سی بات ہے کہ عام دنوں میں چھوٹی چھوٹی سڑکوں پر جس قسم کا ٹریفک لگ جایا کرتاہے، وہ لوگوں کی اتنی سی بے توجہی کے کارن ہوتا ہے کہ وہ خود جلدی اپنی منز ل پر پہنچنا چاہتے ہیں اور اس چکر میں دوسری گاڑیوں کے ساتھ الجھ پڑتے ہیں، نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ سڑک کافی دیر تک کے لیے ٹھس ہوجاتی ہے، وجہ یہ ہے کہ سارے لوگ انسانیت کا لحاظ نہیں کرتے، دوسروں کا خیال نہیں کرتے، درگزر سے کام نہیں لیتے اور تحمل اور محبت کا مظاہرہ کرنے کے بجائے ایک مسلسل طاری رہنے والے غصے اور چڑ کے نیتجے میں اس حد تک پہنچ جاتے ہیں کہ بعض اوقات نتائج بڑے بھیانک اور عقل کے لیے ناقابل قبول ہوتے ہیں۔ابھی الہ آباد میں چند دنوں قبل ایک کالج کے لڑکے کا پیر ٹکرا جانے سے ہونے والا جھگڑا اتنا بڑھا کہ انجام یہ ہوا کہ دوسرے فریق نے اسے اتنا ماراکہ وہ کوما میں چلا گیا، ہمارے ہی محلے میں اکثر چھوٹی چھوٹی باتوں پر ایسے ایسے جھگڑے پیدا ہوجاتے ہیں کہ لوگوں کو جیل ہوجایا کرتی ہے، جان و مال کا نقصان ہوتا ہے، محلے بھر میں چٹپٹی باتوں اور خوف و ہراس کا ماحول ایک ساتھ مختلف شاخوں کے ساتھ جنم لیتا ہے اور اس گرد کو بیٹھنے میں کئی کئی دن لگ جایا کرتے ہیں۔یہ سب کیوں ہوتا ہے، اسے سمجھنے کی ضرورت ہے،معمول کی زندگی پر نگاہ دوڑائیے تو معلوم ہوگا کہ دنیا جن دو کھرے جذبات پر قائم ہے، وہ صرف محبت یا نفرت ہیں، جہاں ایک کی کمی ہوگی، وہاں دوسرا دوڑ کر ہوا کی طرح ماحول کو بیلنس کرنے کے لیے اپنا دبائو بڑھا دے گا۔یہ ایک قدرتی نظام ہے کہ جہاں فرسٹریشن، ضد، جھنجھلاہٹ اور منافقت کے رویے موجود ہونگے، اس سماج میں اطمینان، درگزر اور شفقت کے رویے کم سے کم دکھائی دیں گے ۔ہم اکثر ٹیلی ویزن پر دیکھتے ہیں کہ اچھی خبروں کے ساتھ رپورٹر حضرات یہ کہتے ہوئے ضرور نظر آتے ہیں کہ ‘ابھی انسانیت مری نہیں ہے۔’ وہ ایسا کیوں کہتے ہیں۔کیونکہ یہ جملہ ایک حیرت کی نمائندگی کرتا ہے ، خوشی سے بھرپور ایک مثبت حیرت جو ہمیں بتاتی ہے کہ ابھی ہم ایک ایسے سماج میں ہیں، جہاں نفرت کا تناسب محبت سے کئی گنا زیادہ ضرور ہے، مگر نفرت کے پھیلے ہوئے گھنے سمندروںمیں کہیں کہیں محبت کے چھوٹے چھوٹے جزیرے بھی دکھائی دے جاتے ہیں۔سوال یہ ہے کہ آخر ایسا ماحول بنا کیسے۔جواب بھی اسی فکر میں پوشیدہ ہے، جو ہمیں بتاتی ہے کہ آخر بے حیا یا بدلحاظ کس قسم کے لوگوں کے ساتھ وابستہ اصطلاح ہونی چاہیے تھی اور کس کے ساتھ وابستہ ہے۔ایسے لوگ جنہیں محبت سے اس قدر ڈرایا گیا ہو کہ اگر وہ کہیں نظر آجائے تو اسے بے حیا سمجھ کر اس کا سر کچلنے پر وہ آمادہ ہوجائیں ، کس طرح ایک ایسا سماج گوارہ کرسکتے ہیں، جس میں محبت اور درگزر کی تعلیمات دی جاتی ہوں۔یاد رکھنا چاہیے کہ قدرت کے اس عجیب و غریب نظام میں ایک اور پہلو پوشیدہ ہے جو بہت دلچسپ ہے، حالانکہ دنیا کا ہر خطہ ان دونوں جذبات کے زیر اثر پروان چڑھنے والے رویوں سے معمور ہے ، مگر پھر بھی کوئی سماج اس وقت تو قائم رہ سکتا ہے، جب اس میں نفرت کا عنصر بالکل موجود نہ ہو، مگر محبت کے سائے کے بغیر ، یعنی مکمل نفرت کے ساتھ کسی سماج کا قائم رہ پانا بالکل غیر ممکن ہے، نفرت سے بھرا پرا سماج ایک ایسا بدہونق راکھشس ہے جو لاشوں کو ڈھوتے ڈھوتے ایک روز انہی کے اندر دھنس جائے اور اپنی تمام تر قابل فخر تہذیبوں اور مذاہب کے ساتھ کبھی زمین پر دوبارہ تازہ سانسیں لیتے ہوئے نہ ابھر سکے۔ہمیں زندگی کے نئے اور بالکل متضاد بیانیوں کو نہ صرف خود کو سننے کے لائق بنانا چاہیے بلکہ اپنے پرانے رسم و رواج اور ثقافتوں پر سخت سے سخت تنقید کو غور سے سننے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ضروری نہیں ہے کہ وہ لوگ جنہیں ہم روشن دماغ کہا کرتے ہیں، ہمیشہ ٹھیک بات ہی کہیں، مگر ان کی بات سننے اور انہیں سمجھنے سے تازہ ہوا کے راستے پیدا ہوسکیں گے اور ہم سیلن اور گھٹن زدہ سوسائٹی میں گل سڑ اور پچک کر مرجانے سے بچ سکیں گے اور اس کی ابتدا ہوتی ہے اس عملی قسم کی معمولی سی تبدیلی سے، جس میں بغیر کسی جبر کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر چلنے والے ایک نوجوان جوڑے کو دیکھنے کے لیے ہم اپنی آنکھوں کی تھوڑی سی تربیت کرسکیں۔

خیر، یہ تو بات ہوئی مخالفت کرنے والوں کی۔اب موافقت والوں پر بھی کچھ بحث ہوجائے۔ویلنٹائن ڈے،ایک لائق ستائش نظریہ محبت کو ہماری جھولی میں ڈالتا ہے اور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ زندگی اتنی تنگ نہیں ہوئی ہے کہ ہم محبت نہ کرسکیں۔مگر یہ ہرگز ضروری نہیں کہ محبت کا کوئی جامد یا روایتی تصور ذہنوں میں پیدا کرکے اسے خود پر طاری کرلیا جائے۔محبت ہم میں ہوتی ہے، یہ ہماری صفت ہے، ہمارا وصف ہے۔لوگ کہتے ہیں کہ فلاں محبت ناکام ہوئی تو پھر ساری زندگی نہ ہوپائے گی یا پہلی محبت کی بات ہی کچھ اور ہوا کرتی ہےوغیرہ وغیرہ۔یہ ساری باتیں سر آنکھوں پر مگر سوچ کر دیکھا جائے تو ایسا نہیں ہے، انسان ناامیدی اور مایوسی کے دامن سے باہر نکل کر نئی دنیائیں آباد کرلینے کے ہنر کا دوسرا نام ہے۔ایک ایسا سماج جو محبت کے حاصل نہ کرپانے پر تیزاب پھینک دینے کی نہایت سفاک حرکت پر اتر آئے، محبت کا متحمل نہیں ہوسکتا۔اپنے آس پاس موجود زندگیوں پر نگاہ ڈالیے، معلوم ہوگا کہ محبت کے نام پر ہم نے ضدی اور پاگل لوگوں کی بے وقوفانہ تربیت کی ہے، یہ لوگ اپنی محبوبائوں کی مرضی کا خیال نہیں کرتے، ان کے انکار کی عزت نہیں کرتے، ان کو بدکردار ثابت کرتے ہیں، ان کو لعن طعن کرتے ہیں، ان میں کیڑے نکالتے ہیں اور اتفاق سے اگر وہ انہیں حاصل ہوجائیں تو ساری زندگی بے عزت کرتے ہیں، انہیں ان کی صنفی بنیادوں پر امتیازی سلوک سے گزارتے ہیں، راتوں کو بیوی کا نام دے کر جبرا ان کے ساتھ سیکس کرتے ہیں اور اپنی ایک غیر سنجیدہ اور ناکام حسرت کو مستقل محبت کا نام دیتے چلے جاتے ہیں۔اس سے بہتر ہے کہ ایک ایسا سماج تشکیل دیا جائے جس میں ایک سے زیادہ محبت جرم نہ ہو، ساتوں جنم والے کسی رشتے کا تصور نہ ہو اور کسی کو حاصل کرلینے کے نظریے پر از سر نو غور کیا جائے اور لوگوں کو یہ باور کرایا جائے کہ انسان، کبھی کسی دوسرے انسان کو مکمل طور پر حاصل نہیں کرسکتا اور ایسا سوچنا بھی کسی کی آزادی ، اس کی زندگی اور اس کی خواہشات پر قدغن لگانے جیسی بات ہے، حاصل غیر جاندار چیزیں کی جاسکتی ہیں، زندہ اور متحرک چیزوں کو حاصل نہیں کیاجاسکتا، بس ان کے ساتھ وقت گزارا جاسکتا ہے اور وہ بھی اس وقت تک، جب تک وہ چاہیں۔ہمیں محبت کے اس خاص دن پر اپنے احتساب کی سخت ضرورت ہے۔

لڑکے ہوں یا لڑکیاں، محبت میں ایک دوسرے کو اپنی پراپرٹی گرداننے لگتے ہیں، میں نے اپنے کئی دوستوں کو موبائل سے ہسٹری ڈیلیٹ کرتے دیکھا ہے، لڑکیوں کو چھپ چھپا کر بات کرتے دیکھا ہے،لڑکوں کو لڑکیوں پر اور لڑکیوں کو لڑکوں پر یہ حکم چلاتے دیکھا ہے کہ تم فلاں سے نہیں ملو گے، فلاں وقت کے بعد گھر سے باہر نہیں جائو گی، ایسے کپڑے پہنوگے یا ایسی جگہوں پر نہیں جائو گی۔یہ سب احکامات محبت کی تردید کرنے والے ہیں۔ہم اپنی Insecurityکو بعض دفعہ بڑی خوبصورتی سے ایسے جملوں میں ڈھالتے ہیں کہ ‘میں تو فلاں کا دھیان رکھتا/رکھتی ہوں ‘ یا ‘ وہ بے چارہ/بے چاری دنیا کو نہیں سمجھ پاتا/پاتی’۔یہ سب کھوکھلی باتیں ہیں۔اس میں غلطی ہماری بھی نہیں ہے، برسوں سے ہماری کہانیاں، ہمارے ڈرامے، ہمارے اساطیر ، ہمیں اس جذبے کے ایک ایسے رخ کا دیدار کراتے رہے ہیں، جس میں محبت کے نام پر جلن، اندیشوں اور جنگ تک کے تصورات وابستہ ہیں۔ہم نے کبھی کوشش ہی نہیں کی کہ ہم کوئی متبادل راستہ بھی تلاش کرتے اور دیکھتے کہ دنیا اس راستے پر چل کر کن منزلوں تک پہنچتی ہے۔اس کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ محبت کرتے ہوئے کسی طرح کا اندیشہ نہ پالنے والے شخص کے لیے ہماری زبانوں میں کوئی لفظ ہی نہیں ہے اور اگر اس قسم کے کسی بے نیاز شخص کے لیے کوئی لفظ عربی وغیرہ میں ہے بھی تو دیوث جیسی گالی ہے، جسے اردو میں آپ بھڑوا یا دلال کہہ سکتے ہیں۔

ہم نے محبت کی مخالفت اورموافقت دونوں معاملات میں انتہاپسندی کی بھی حد کردی ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ ایسا سماج بنایا جائے جو ہماری مرضی کے مطابق ہو اور جس میں ہمارے لیے مختلف قسم کی سہولتیں میسر آسکیں۔ہم ایک دوسرے کے لیے آفت جان بن کر ، ایک دوسرے سے چمٹے ہوئے ،زرد بوسوں اور کالے پڑتے ہوئے رشتوں کو محبت کا نام دیتے ہیں اور آواز بھی بلند کرتے ہیں تو ایسی ہی محبت کا حق وصول کرنے کے لیے۔میرے خیال میں دونوں سطح پر غور و فکر کی ضرورت ہے اور ویلنٹائن ڈے محبت کے بارے میں سوچ سمجھ کر رائے قائم کرنے کی گھڑی ہے ،جو ہمیں ہماری تمام تر مصروفیت کے باوجود یہ سوچنے کا موقع دیتی ہے کہ محبت کا یہ خاص دن منانے کے لائق کیسے بنا جائے۔ورنہ تو ہماری سوسائٹی میں محبت کرنے والوں کی نہ کوئی کمی ہے، نہ کبھی ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *