Laaltain

میرے سوگواروں میں آج، میرا قاتل بھی ہے

7 ستمبر، 2015
Picture of نصیر جسکانی

نصیر جسکانی

انسان کا ربط انسانیت سے ہے اور اسی انسانیت سے ہی اقدار انسانی پروان چھڑتی ہیں ، جب انسان سے انسانیت رخصت ہو جائے تو اس سے ایک بد تر اور بد نما درندہ جنم لیتا ہے ۔انسانیت کسی دین ، دھرم کی محتاج نہیں ہوتی بلکہ یہ ان اعلیٰ صفات اور نفیس احساسات کا دوسرا نام ہے جو رنگ ، نسل، دین اور قومیت سے بلند اور ارفع ہیں۔ زندگی میں کئی حوادث پیش آتے ہیں مگر کچھ ایسے ہوتے ہیں کہ جن پر شیطانیت ہنستی ہے اور انسانیت سسک سسک کر دم توڑتی نظر آتی ہے۔ ایساہی ایک حادثہ ترکی کے ساحل سمندر پر پیش آیا جسے دیکھ کر انسانیت اپنا چہرہ چھپاتی پھر رہی ہے۔ ایک معصوم پھول کی نعش سمندر کے آنسوؤں سے بھیگی ہوئی ساحل پر ایسے پڑی تھی جیسے یہ ہزاروں سال سے یہیں موجود ہو اور سمند نے اسے اپنے آنچل میں چھپا کر محفوظ کر رکھا ہو۔
ایک معصوم پھول کی نعش سمندر کے آنسوؤں سے بھیگی ہوئی ساحل پر ایسے پڑی تھی جیسے یہ ہزاروں سال سے یہیں موجود ہو اور سمند نے اسے اپنے آنچل میں چھپا کر محفوظ کر رکھا ہو۔
اگر یہ کہا جائے کہ یہ تین سالہ ایلان کی نعش نہیں بلکہ عالمی و علاقائی طاقتوں کے بد نما چہروں کا عکس ہے جو امن پسندی اور اخلاقیات کا راگ الاپتے نہیں تھکتیں مگر ان کے افعال ان کے مکروہ ارادوں کے پروردہ ہی ہوتے ہیں ۔یہ استعماری ممالک اور ان کے آلہ کار دنیا کو جنگوں کی آگ میں جھونکنے کا کوئی لمحہ ضائع کرتے نظر نہیں آتے۔ جو آگ کا کھیل کئی سالوں سے پوری دنیا بالخصوص خطہ عرب میں کھیلا جا رہا ہے انسانیت سوز ہے۔ اس کھیل میں خطے کے عرب ممالک اپنی ثروت کے نشے میں دھت ہو کر لاکھوں انسان کی زندگیاں اجیرن بنا چکے ہیں ۔ ان بد مست بادشاہوں کے عمل سے انسانیت کو جلا تونہیں مل رہی البتہ مفادات کی جلتی بھٹی میں انسانیت ضرور سسک سسک کر دم توڑتی نظر آ رہی ہے ۔ عربوں کے تیل کی خریدو فروخت کے درمیان انسانیت کچلی جا رہی ہے جس کا واضح ثبوت ایلان کردی کی وہ نعش ہے جو ساحل سمندر پر بے یارو مدد گارپڑی ہے۔ یہ معصوم نعش امریکہ اس کے اتحادی مغربی ممالک اور بد مست عرب بادشاہوں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے جنہوں نے مشرقی وسطیٰ میں اپنے مکروہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے آگ اور خون کا کھیل شروع کر رکھا ہے ۔
سوال یہ ہے کہ کیاایلان کی قاتل سمندر کی وہ بے رحم موجیں ہیں ، یا پھر وہ عرب ریاستیں اور حکومتیں جن کے سیاسی عزائم نے اس خطے کے لوگوں کے لیے زندگی دشوار بنا دی ہے؟
ایلان علی کی نعش پر آج پورا جہاں ماتم کدے کا منظر پیش کر رہا ہے اور ننھے ایلان کے جنازے کے مناظرے دکھانے کیلئے دنیا ء بھر کا میڈیا متحرک ہو چکا ہے۔ ایلان کی موت پر غم کا اظہار درد بھر لے لہجوں اور دکھ بھرے جملوں میں کیا جا رہا ہے ، مگر کوئی بھی ایلان کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے والا نظر نہیں آتا ۔ سوال یہ ہے کہ کیا ایلان کی قاتل سمندر کی وہ بے رحم موجیں ہیں ، یا پھر وہ عرب ریاستیں اور حکومتیں جن کے سیاسی عزائم نے اس خطے کے لوگوں کے لیے زندگی دشوار بنا دی ہے؟ ترکی کے ساحل پے پڑی ایلان کے نعش یہ بتلا رہی ہے کہ اسے سمندر کی موجوں سے کوئی خوف نہیں تھا اسے خوف تھا تو انہی لوگوں کا جو آج اس کے مرنے پر نوحہ کناں ہیں۔
ہر خطے کے افراد نے تاریخ کے کسی نہ کسی موڑ پر ہجرت کی ہے اور وطن بدری کے مصائب و آلام جھیلے ہیں۔ ان ہجرتوں کی دکھ بھر ی داستانوں میں ایلان کی دکھ بھر ی کہانی کچھ الگ نظر آتی ہے ۔ ایسے سانحات زندہ ضمیر انسانوں سے سوال کرتے ہیں کہ کیا کوئی ہے جو ظالم اور مظلوم کاتعین کرے، کیاکوئی ہے جو حق کی گواہی دے ، کیا کوئی ہے جو ظالم کاہاتھ جھٹک دے؟ بے حسی اور بے شرمی کی انتہاء ہو چکی ہے۔ بہت ہو چکا امن اور ترقی کے علمبردار عالمی اداروں کا کردار، بہت ہو چکا اقوام متحدہ کی فعالیت کا تماشہ ۔۔۔۔ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا بھر میں جاری جنگوں کو روکنے کی سنجیدہ کوشش کی جائے۔ عرب خطہ اسلحے ا ور بارود کا ڈھیر بن چکا ہے ، زمین کا چپہ چپہ خون انسانی سے تر ہو چکا ہے، عربوں پر ان کی اپنی زمین تنگ کر دی گئی ہے۔ شام، یمن اور عراق میں عرب ایران تنازعے، سعودی استعمار پسندی اوردولت اسلامی کی بہیمانہ کارروائیوں کو دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے ہم انسانیت کا سبق بھول چکے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ خطہ عرب میں جاری خونی کھیل کو بھڑکانے کی روش ترک کردی جائے۔ اب بد مست عرب حکمرانوں کو سمجھنا ہو گا کہ جس خونی آگ پر وہ تیل چھڑ ک رہے ہیں ، اسی آگ کے بلند شعلے ایک دن ان کے گھروں کو جلا کر خاکستر کر دیں گے۔
عرب خطہ اسلحے ا ور بارود کا ڈھیر بن چکا ہے، زمین کا چپہ چپہ خون انسانی سے تر ہو چکا ہے،عربوں پران کی اپنی زمین تنگ کر دی گئی ہے۔
اس صورت حال میں کچھ مغربی ممالک کو شرم آ ہی گئی اور انہوں نے تارکین وطن کیلئے اپنے دروازے کھول دئیے ہیں مگر تیل کی دولت کے نشے میں بد مست عرب حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔عرب حکمرانوں کے پروردہ دہشت گرد ان ممالک کے عالمی استعماری ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ابھی جہاد اسلامی کا مقدس فریضہ خون ناحق بہا کر ادا کر رہے ہیں ۔ دیکھیئے کب ضمیر انسانی جاگتا ہے ، اور کب ظالمین کی سرکوبی کی جاتی ہے۔
کردوں کے مسکن کوبانی جس کی آزادی کی جنگ ہر مردوزن نے اپنے لاکھوں ایلان قربان کرکے جیتی ہے ، میں ایلان کو دنیا بھر کے میڈیا کیمروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ ہر آنکھ اشک بار نظر آتی ہے مگر ایلان کی ننھی سے قبر انسانیت کے ضمیر سے ہمیشہ یہ سوال کرتی رہے گی کہ کوئی ہے جو ظالم کے مکروہ چہروں کو بے نقاب کرے ، کوئی ہے ؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *