Categories
شاعری

کلیشے

آپ ٹھیک کہتے ہیں
میں جو روز لکھتا ہوں
یہ ادب کلیشے ہے
سب کا سب کلیشے ہے
یہ گھسے پٹے مضمون
یہ سنی ہوئی سطریں
سب کہی ہوئی باتیں
لیکن اے مرے نقاد
مسئلہ کچھ ایسا ہے
عشق پہلے جیسا ہے
حسن پہلے جیسا ہے
اور تڑپ بھی پہلی سی
آج کا مرا محبوب
خال و خد میں صورت میں
سر سے پا کلیشے ہے
ہر ادا کلیشے ہے
وصل بھی کلیشے ہے
ہجر بھی کلیشے ہے
حسن کی طلب مجھ میں
یہ طلب کلیشے ہے
آگ ہے مرے اندر
آگ بھی کلیشے ہے
رات رات سنا ٹا
شام شام تنہائی
دل پہ جو گزرتا ہے
سب کا سب کلیشے ہے
سب کا سب بدل دیجے
میں جدید لکھوں گا
چار سو مرے پھیلی
زندگی کلیشے ہے
ظلم بھی کلیشے ہے
بھوک بھی کلیشے ہے
حکمراں رعایا کا جیسے خون پیتے ہیں
اہل ۔ زر غریبوں پر جو ستم گراتے ہیں
یہ سبھی کلیشے ہے
یہ سبھی بدل دیجے
زندگی بدل دیجے
میں جدید لکھو ں گا