Categories
نان فکشن

سقوط ڈھاکہ اور امریکی کردار (قسط دوم)

[blockquote style=”3″]

سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے مشیر برائے سلامتی بروس ریڈل تیس سال تک امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے سے وابستہ رہ چکے ہیں، ساٹھ کی دہائی میں بھارت چین کشیدگی ہو ایوب دور میں پاکستا ن امریکہ تعلقات کی نئی اڑان ہو یا افغان جہاد میں امریکی کردار۔۔ سقوط ڈھاکہ سے پہلے اور بعد کی کہانی ہو یا پھر کارگل جنگ کے بعد نواز کلنٹن ملاقات کے راز، بروس ریڈل کئی اہم معاملات کے عینی شاہد ہیں۔ رفیع عامر پاکستانی نژاد امریکی ہیں جو ایک عرصے سے نیوجرسی میں مقیم ہیں، کہنے کو تو سافٹ وئیر بیچتے ہیں لیکن تاریخ، سیاسیات اور جغرافیائی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ اور یہی وجہ ہے کہ ہزاروں میل دور بیٹھ کر بھی وہ پاکستان سے ایسے بندھے بیٹھے ہیں جیسے کشتی سے ملاح۔ ان کی حالیہ کاوش بروس ریڈل کی کتاب ‘اوائیڈنگ آرماگیڈن’ کے ایک باب کاترجمہ ہے، جس کی دوسری کڑی قارئین کی خدمت میں پیش کی جا رہی ہے۔ کہانی طویل ہے اور ایسے میں تمام تر حوالہ جات کا نقل کرنا قدرے مشکل تھا لہذا حسب ضرورت کسی بھی حوالے کے لئے کتاب سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ (تعارف: اجمل جامی)

[/blockquote]

اس سلسلے کی پہلی اور تیسری قسط پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

 

لیکن نکسن اور کسنجر نے مشرقی پاکستان میں قتل عام روکنے کے لئے کوئی بھی سنجیدہ اقدامات کرنے سے انکار کیا۔ کسنجر نے امریکی صدر کی ہدایت پر تمام حکومتی اداروں کو پاکستان اور یحیی خان حکومت کی طرف جھکاؤ کا حکم دے دیا باوجود اس کے کہ بیوروکریسی کی اکثریت اس کی مزاحمت کرتی رہی۔

 

قومی سلامتی کونسل کے ایک اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے بروس ریڈیل لکھتا ہے کہ علاقائی ماہرین (جنوبی ایشیا) کی مزاحمت کی وجہ سے کسنجر نے چلاتے ہوئے کہا، “صدر مملکت ہمیشہ پاکستان کی جانب جھکاؤ کی ہدایت کرتے ہیں اور یہاں مجھے ہر تجویز اس سے متضاد سمت میں دی جاتی ہے، کبھی کبھی مجھے لگتا ہے میں کسی پاگل خانے میں مقیم ہوں۔”

 

الغرض یہ کہ مشرقی پاکستان میں موجود امریکی سفارتکار اپنے ملک کی پالیسی پر ورطہ حیرت میں تھے۔ اپریل انیس سو اکہتر میں ڈھاکہ میں موجود تقریباً ہر امریکی سفارتکار کے دستخطوں کے ساتھ ایک اختلافی نوٹ امریکی وزارت خارجہ کو بھیجا گیا، جس کا ایک حصہ یہاں پیش کیا جا رہا ہے؛

 

“ہماری حکومت جمہوریت کچلے جانے کی مذمت اور ظلم کے خلاف بولنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ امریکہ اپنے شہریوں (دہری شہریت والے بنگالی امریکی) کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ نہیں- اور دوسری طرف ہماری حکومت نے اپنا تمام وزن مغربی پاکستان کے پلڑے میں ڈال دیا ہے جس کی وجہ سےعالمی برادری پاکستان کے خلاف کسی بھی فیصلہ کن کاروائی سے گریزاں ہے- ہماری حکومت کے پاس اس فوجی آپریشن کے اخلاقی دیوالیہ پن کے تمام شواہد موجود ہیں لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ سوویت یونین نے تو یحییٰ خان کو پیغام بھیج دیا ہے جس میں جمہوریت کا دفاع کیا گیا اور انتخابات جیتنے والی پارٹی کے لیڈروں کی گرفتاریوں کی مذمت کی گئی ۔مگر ہم نے یہ طے کیا کہ اخلاقی بنیادیں ہمیں ایسے عمل میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتیں۔ جسے ہر طرح سے محض نسل کشی کہا جا سکتا ہے اور اسے انسانی بحران کی بجائے پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دینا قطعا درست نہیں۔”

 

امریکی قونصل جنرل آرچر بلڈ نے یہ مراسلہ، جسے بعد میں بلڈ ٹیلی گرام کا نام دیا گا، واشنگٹن بھیجا جسے وزارت خارجہ کے کئی افسران نے اپنی حمایتی دستخطوں کے ساتھ وزیر خارجہ ولیم راجرز کو بھیج دیا- قونصل جنرل نے اس مراسلے کی کلاسیفکیشن “خفیہ” رکھی تھی لیکن نکسن سے اسے تبدیل کر کے “خفیہ / نو ڈس ” کر دیا جو کسی بھی ایسے مراسلے کے لئے سب سے خفیہ کلاسیفکیشن تھی-

 

نکسن کے پاکستان کی طرف جھکاؤ کی واحد وجہ اس کی بھارت دشمنی نہیں تھی- پس پردہ ،صدر نکسن اور قومی سلامتی کے مشیر کسنجر امریکہ کی چین کے بارے دو دہائی پر محیط پالیسی کو الٹانے میں مصروف تھے اور اس کے لئے انہیں پاکستان اور یحییٰ خان کی ضرورت تھی ۔ یہ اس قدر خفیہ کاوش تھی کہ وزیر خارجہ راجرز تک کو اس کا علم نہیں تھا۔

 

اپنی نائب صدارت اور صدارت کے ادوار کے درمیانی عرصہ میں نکسن نے ایک عام شہری کے طور پر جنوبی ایشیا کے تین دورے کیے اور ہر دفعہ اسے بھارت میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پاکستان میں اس کا شاہانہ استقبال کیا گیا۔ اگست انیس سو انہتر میں نکسن نے بھارت اور پاکستان کا بطور صدر دورہ کیا۔ بھارت میں اس کی اندرا گاندھی سے ملاقات انتہائی تناؤ کے ماحول میں ہوئی۔ ایک سابقہ دورے میں اندرا گاندھی نے نکسن سے ملاقات کے دوران اپنے سیکرٹری سے ہندی میں پوچھا تھا “مجھے اور کتنی دیر اس شخص سے باتیں کرنی ہیں۔” لیکن اس دفعہ نکسن بطور امریکی صدر دورہ کر رہا تھا سو اب اسے نظر انداز کرنا ممکن نہیں تھا لیکن اس ملاقات میں دونوں کی ایک دوسرے کے لئے ناپسندیدگی بہت واضح تھی۔

 

اندرا گاندھی اور صدر نکسن ایک دوسرے کو ناپسند کرتے تھے
اندرا گاندھی اور صدر نکسن ایک دوسرے کو ناپسند کرتے تھے
اسلام آباد میں نکسن کا والہانہ اسقبال کرنے والا اس کا قریبی دوست یحییٰ خان تھا جس کے لئے نکسن کے پاس ایک غیر متوقع فرمائش موجود تھی- نکسن نے یحییٰ خان سے چین کے چیئرمین ماؤ کو ایک اہم پیغام دینے کو کہا۔ اس پیغام میں نکسن نے چین کی کئی دہائیوں پر محیط تنہائی ختم کرنے کے لئے اعلیٰ ترین سطحی مذاکرات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ نکسن نے یحییٰ سے درخوست کی اس پیغام کا کسی امریکی سفارتکار کو علم نہیں ہونا چاہیے اور اس معاملے میں امریکہ میں پاکستانی سفیر صرف کسنجر سے رابطے میں رہے۔

 

صدر رچرڈ نکسن لاہور آمد پر لیموزین کار سے چھلانگ لگا کر اترتے ہوئے
صدر رچرڈ نکسن لاہور آمد پر لیموزین کار سے چھلانگ لگا کر اترتے ہوئے
بیجنگ نے اس پر کوئی فوری ردعمل نہیں دیا لیکن فروری انیس سو ستر میں پاکستانی سفیر نے کسنجر کو اطلاع دی کہ چین مذاکرات کے لئے تیارہے- پھراکتوبر میں یحییٰ خان نے وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ صدر پاکستان کے استقبال میں نکسن نے پاکستان پر انیس سو پینسٹھ سے موجود ہتھیاروں کی رسد پر پابندی ختم کی اور پاکستان کو تین سو بکتر بند گاڑیوں کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ پچیس اکتوبر انیس سو ستر کو نکسن نے یحییٰ کو ماؤ کے لئے ایک اور پیغام دیا کہ نکسن چاہتا ہے کہ کسنجر چین کا خفیہ دورہ کر کے ماؤ اور اس کے ساتھیوں سے ملے- آٹھ دسمبر انیس سو ستر، عوامی لیگ کے الیکشن کے جیتنے کے اگلے دن، کو پاکستانی سفیر کو چین کی آمادگی سے آگاہ کیا گیا۔ لیکن بیجنگ کسی جلدی میں نہیں تھا سو دورے کی تاریخ کے بارے میں بیجنگ نے انتظار کرنے کا کہا –

 

آپریشن سرچ لائٹ کے آغاز کے بعد نکسن اور کسنجر نے محسوس کیا کہ وہ چین سے رابطہ قائم رکھنے کے لئے یحییٰ خان کی ناراضگی مول نہیں لے سکتے- چین سے رابطہ ابھی تک ایک انتہائی خفیہ امر تھا جس کا علم تاحال وزیر خارجہ سمیت پوری وزارت خارجہ کو نہیں تھا اور ان کے لئے یہ ناقابل فہم تھا کہ نکسن پاکستان کی مذمت سے کیوں کترا رہا ہے۔

 

(باقی آئندہ)
Categories
نان فکشن

سقوط ڈھاکہ اور امریکی کردار (قسط اول)

[blockquote style=”3″]

سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے مشیر برائے سلامتی بروس ریڈل تیس سال تک امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے سے وابستہ رہ چکے ہیں، ساٹھ کی دہائی میں بھارت چین کشیدگی ہو ایوب دور میں پاکستا ن امریکہ تعلقات کی نئی اڑان ہو یا افغان جہاد میں امریکی کردار۔۔ سقوط ڈھاکہ سے پہلے اور بعد کی کہانی ہو یا پھر کارگل جنگ کے بعد نواز کلنٹن ملاقات کے راز، بروس ریڈل کئی اہم معاملات کے عینی شاہد ہیں۔ رفیع عامر پاکستانی نژاد امریکی ہیں جو ایک عرصے سے نیوجرسی میں مقیم ہیں، کہنے کو تو سافٹ وئیر بیچتے ہیں لیکن تاریخ، سیاسیات اور جغرافیائی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ اور یہی وجہ ہے کہ ہزاروں میل دور بیٹھ کر بھی وہ پاکستان سے ایسے بندھے بیٹھے ہیں جیسے کشتی سے ملاح۔ ان کی حالیہ کاوش بروس ریڈل کی کتاب ‘اوائیڈنگ آرماگیڈن’ کے ایک باب کاترجمہ ہے، جس کی پہلی کڑی قارئین کی خدمت میں پیش کی جا رہی ہے۔ کہانی طویل ہے اور ایسے میں تمام تر حوالہ جات کا نقل کرنا قدرے مشکل تھا لہذا حسب ضرورت کسی بھی حوالے کے لئے کتاب سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ (تعارف: اجمل جامی)

[/blockquote]

اس سلسلے کی دوسری اور تیسری قسط پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

 

رچرڈ نکسن عہدہ صدارت سنبھالنے سے بہت پہلے ہی جنوبی ایشیا کے معاملات سے کسی بھی اور امریکی صدر سے زیادہ واقفیت رکھتا تھا۔ برصغیر کا جغرافیہ ہو یا مقامی سیاست کے قد آور مہرے۔ نکسن بخوبی آگاہ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اسے پچاس کی دہائی میں بننے والے پاک امریکہ اتحاد کا بانی سمجھا جاتا ہے۔ نکسن نے اپنی صدارت سے بھی پہلے انیس سو تریسٹھ کے جنوبی ایشیا کے دورے پر نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا “وقت آ گیا ہے کہ واشنگٹن نہرو کو برداشت کرنا چھوڑ دے جو کئی مواقع پر امریکہ کے لئے شرمندگی کا باعث بن چکا ہے” اور اسی انٹرویو میں اس نے پاکستان کی تعریف کی- سو جب یہی نکسن انیس سو انہتر میں امریکہ کا صدر منتخب ہوا تو بھارتیوں کو اس کی صدارت کے بارے میں شدید تحفظات تھے اور پاکستانی پر امید تھے کہ اب وائٹ ہاؤس میں ان کا ایک عظیم دوست آ چکا ہے۔

 

 

جنرل یحیٰ خان اور صدر نکسن کی ریڈیو پاکستان پر نشر ہونے والی تقاریر۔ یہ تقاریر صدر نکسن کے 1969 میں لاہور آنے پر ریکارڈ کی گئیں۔

 

نکسن دونوں کی توقعات پر پورا اترا- امریکہ کی طرف سے پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ ایک دفعہ پھر بڑھایا گیا اور پاکستان اور پاکستان کے چین سے تعلقات جنوبی ایشیا پالیسی کا مرکزی نقطہ بن گئے- دوسری طرف اکہتر کی پاک بھارت جنگ امریکہ کو ایک ایسے مقام پر لانے والی تھی جہاں امریکہ اور بھارت ٹکراؤ کے نزدیک پہنچے جس کے نتیجے میں بھارت نے پہلا نیوکلیائی تجربہ کیا۔

 

صدر نکسن کا جھکاو ہندوستان کی بجائے پاکستان کی طرف تھا
صدر نکسن کا جھکاو ہندوستان کی بجائے پاکستان کی طرف تھا
ہنری کسنجر نکسن کی خارجہ پالیسی کا اور خاص طور پر جنوبی ایشیا کی پالیسی کا رہبر و رہنما تھا- کسنجر اپنے اس دور کے تجربات کی یادداشت بہت تفصیل سے لکھ چکا ہے اور اس تفصیل کی وجہ وہ اختلافات تھے جو اسے وزارت خارجہ اور دوسرے اداروں کی طرف سے برداشت کرنا پڑے- انیس سو اکہتر کے بحران کے فوری بعد جیک اینڈرسن نامی صحافی کے ہاتھ وہ تفصیلی نوٹ لگ گئے جو پینٹاگون کی لیڈرشپ بحران کے دوران لکھ رہی تھی- ان نوٹس نے ایک ایسا منظر پیش کیا جس میں نکسن وائٹ ہاؤس اپنی ہی بیوروکریسی سے جنگ کرتا اور تمام بیرونی آراء سے خود کو الگ تھلگ رکھتا نظرآتا ہے- ان نوٹس کے مطابق نکسن اکہتر کے بحران کو ماسکو کی طرف سے امریکہ کے عزم کا امتحان سمجھ رہا تھا جب کہ باقی سب کے نزدیک یہ مشرقی پاکستان کا مستقبل طے کرنے کے لئے ایک علاقائی مسئلہ تھا-

 

ہنری کسنجر نکسن کی خارجہ پالیسی خصؤصاً جنوبی ایشیا کی پالیسی کا رہبر و رہنما تھا
ہنری کسنجر نکسن کی خارجہ پالیسی خصؤصاً جنوبی ایشیا کی پالیسی کا رہبر و رہنما تھا
مشرقی پاکستان ہمیشہ پاکستانی ریاست کا سوتیلا بچہ رہا تھا- اگرچہ پاکستان کی آبادی کی اکثریت مشرقی پاکستان میں مقیم تھی، مغربی پاکستان کی پنجابی اسٹیبلشمنٹ ریاست اور خاص طور پر افواج پر حاوی تھی- ترقیاتی اخراجات کا ایک غیر متناسب حصہ مغربی پاکستان پر خرچ ہوتا تھا اور تقریباً تمام فوجی افسروں کا تعلق مغربی پاکستان سے تھا جن میں سے اکثریت پنجابی افسروں کی تھی- آپ سی بات سے اندازہ کیجئے کہ انیس سو ستر میں کل چھ ہزار فوجی افسروں میں سے صرف تین سو کا تعلق مشرقی پاکستان سے تھا- اس کے علاوہ ہر چند کہ پاکستان کی اکثریت بنگالی زبان بولتی تھی لیکن اس زبان کو، محمد علی جناح کے اصرار پر، قومی زبان کا درجہ حاصل نہیں تھا- بنگالیوں کے لئے انیس سو سینتالیس میں انگریز سامراج کی جگہ مغربی پاکستان نے سنبھال لی تھی-

 

انیس سو انہتر میں ایوب خان کا اقتدار تو ختم ہو چکا تھا لیکن اس کے لئے بنگالیوں کا غصہ نہیں- بنگالی سمجھتے تھے کہ انیس سو پینسٹھ میں ایوب خان نے بھارت کے ساتھ جنگ چھیڑتے وقت بنگال کو نئی دہلی کے سامنے نہتا چھوڑ دیا تھا- پاکستان کی تقریباً تمام بری اور فضائی فوج مغربی حصے میں تعینات تھی- بھارت، جس نے جغرافیائی طور پر مشرقی پاکستان کو تین اطراف سے گھیرا ہوا تھا، اگر انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں مشرقی پاکستان پر قبضہ کرنا چاہتا تو اس کے سامنے کوئی رکاوٹ نہیں تھی- پاکستانی افواج کا بنگالیوں کے لئے پیغام بہت واضح تھا کہ اگر کشمیر پانے کے لئے انہیں بنگال کھونا پڑے تو انہیں یہ سودا منظور ہو گا-

 

ایوب خان کی جگہ ایک پنجابی شیعہ یحییٰ خان نے لی جو برٹش آرمی کی طرف سے لیبیا اور اٹلی میں دوسری جنگ عظیم میں حصہ لے چکا تھا- یحییٰ خان کے دو بڑے ذاتی مسائل تھے، یعنی قوت فیصلہ کی کمی اورپیہم شراب نوشی- انیس سو ستر میں اس نے نہ چاہتے ہوئے بھی عام انتخابات کروا دیے- علیحدگی پسند عوامی لیگ نے شیخ مجیب الرحمٰن کی قیادت میں مشرقی پاکستان میں تمام ایک سو سڑسٹھ نشستیں جیت کر باقی جماعتوں کا صفایا کر دیا جبکہ مغربی پاکستان میں بھٹو کی پیپلز پارٹی ایک سو اڑتیس میں سے اکاسی نشستیں جیت کر مغربی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی طاقت بن کر ابھری- پسے ہوئے بنگالی اکثریت میں ہونے اور ایک ہی پارٹی کو ووٹ دینے کی وجوہات سے ریاست کا کنٹرول لینے کی پوزیشن میں آ چکے تھے- پنجابی یہ کبھی برداشت نہیں کر سکتے تھے-

 

یحییٰ اور بھٹو بنگالیوں سے مذاکرات کرنے ڈھاکہ پہنچے اور مذاکرات کی ناکامی پر مغربی پاکستان واپس آتے اور وہسکی پیتے ہوئے یحییٰ خان نے ڈھاکہ میں پاکستانی کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ٹکا خان کو عوامی لیگ اور علیحدگی پسندوں پرایک سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا- کوڈ نیم آپریشن سرچ لائٹ کو کریک ڈاؤن سے قتل عام بنتے دیر نہ لگی- امریکی ساخت کی بکتر بند گاڑیاں ڈھاکہ یونیورسٹی میں داخل ہوئیں اور ہزاروں طلباء کو ہلاک کر دیا – سیاسی لیڈروں، شاعروں، ناول نگاروں اور بنگال کے کئی بہترین دماغوں کو گرفتار کر کے گولی مار دی گئی – شیخ مجیب کو گرفتار کر لیا گیا لیکن وہ اس سے پہلے ہی، چھبیس مارچ انیس سو اکہتر کو، بنگلہ دیش کی آزادی کا اعلان کر چکا تھا- بعد میں آنے والی بنگلہ دیشی حکومت نے پاکستانی فوج کو نسل کشی میں ملوث ہونے اور تیس لاکھ لوگوں کو ہلاک کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا- لاکھوں بنگالی بارڈر کراس کر کے بھارت میں پناہ لے چکے تھے اور اندرا گاندھی حکومت کے لئے اب یہ پناہ گزینی ایک بحران کی شکل اختیار کر چکی تھی- مئی کے مہینے تک مشرقی پاکستان سے بھاگ کر بھارت میں پناہ لینے والوں کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ گئی تو عوامی لیگ نے ٹکا خان کی فوج سے گوریلا جنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت نے باغیوں کو ہتھیار فراہم کرنے کا –

 

ڈھاکہ یونیورسٹی میں ہلاک کیے جانے والے طلبہ کے لیے تعمیر کی گئی یادگار
ڈھاکہ یونیورسٹی میں ہلاک کیے جانے والے طلبہ کے لیے تعمیر کی گئی یادگار
اس بحران کے شروع ہونے سے کچھ ہی پہلے پاکستانی حکومت بھارت کو ٹکراؤ کے لئے اکسا چکی تھی جب تیس جنوری انیس سو اکہتر کو دو کشمیریوں نے سری نگر سے پرواز کرنے والا ایک بھارتی مسافر طیارہ اغوا کرکے اسے لاہور اتارا اور مسافروں کو نکال کر جہاز کو دھماکے سے اڑا دیا – بھارت نے اس کاروائی کا الزام پاکستانی انٹیلی جنس کو دیتے ہوئے اپنی فضائی حدود پاکستانی طیاروں کے لئے بند کردی جس کی وجہ سے پاکستان کے ایک حصے سے دوسرے حصے پر جانے والی پروازوں کو اب ایک لمبا چکر کاٹ کر جانا پڑتا – پاکستان نے اپنی معصومیت کا دعویٰ کرتے ہوئے دونوں ہائی جیکرز کو بھارتی جاسوس قرار دیا- اکہتر کی جنگ کے بعد پاکستان نے دونوں ہائی جیکرز کو رہا کر دیا جنہوں نے پاکستان میں ہی رہائش اختیار کی جس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ پاکستانی ایجنٹ ہی تھے- اس ہائی جیکنگ، مشرقی پاکستان میں ہونے والے قتل عام اور پناہ گزینوں کے بحران کو دیکھتے ہوئے اندرا گاندھی حکومت نے ایکشن لینے کا فیصلہ کیا – لیکن اس سے بھی پہلے اندرا گاندھی نے یہ فیصلہ کیا کہ کچھ کرنے سے پہلے کیوں نہ امریکہ کا ردعمل دیکھا جائے۔

 

(یاد رہے کہ سقوط ڈھاکہ کے وقت بھارتی آرمی چیف مانک شاہ جو بعد میں فیلڈ مارشل بھی بنے نے دلی سرکار کا موڈ دیکھتے ہوئے انہیں کسی بھی آپریشن سے فوری طور پر روکا تھا اور انہیں دسمبر کے مہینے بارے مشورہ دیا تھا)

 

(باقی آئندہ)