جنگ: ایک کولاژ

جنگ: ایک کولاژ
مورچے کھودنے کا کفارہ دینے کو
قبریں جسموں سے پر کرنی پڑتی ہیں

 

---------------------

 

بوڑھی کمریں بیٹوں کے دفنانے کو جھکتی ہیں
سیدھی نہیں ہوتیں

 

----------------

 

قبروں پر جو پانی چھڑکا جاتا ہے
چکھ کر دیکھو
اس میں نمک ہے

 

-------------

 

پائینتی لگ کر آپ ہی آپ سلگنے والی اس عورت نے
جنگ چھڑنے سے خوابوں کے دفنانے تک
خوشبو نہیں پہنی

 

-----------

 

سرہانے پر ہاتھ پھیرتی ماں سے پوچھو
جیتا کون

 

---------------

 

تمغے جس سونے سے ڈھالے جاتے ہیں
اس میں سے نیت کا کھوٹ علیحدہ کرنا ناممکن ہے