Laaltain

لمحۂ فکریہ

19 ستمبر، 2014
Picture of Laaltain

Laaltain

گزشتہ ایک ماہ سے دارلحکومت میں جاری سیاسی رسہ کشی نے میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کررکھی ہےاور عوام پرائم ٹائم میں نام نہاد آزادی اور انقلاب کا سوپ سیریل سر جوڑے دیکھ رہی ہے۔ لوگ اس سیاسی ٹاکرے میں اس قدر منہمک ہیں کہ ملک میں ایک بار پھر سر اٹھاتے عسکریت پسندوں کی طرف کسی کی توجہ نہیں- شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے آغاز کے بعد دہشتگردی کی کاروائیوں میں کمی آئی ہے گو کہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اب بھی شدّت سے جاری ہے، لیکن بڑے پیمانے پر تخریبی کارروائیوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی تھی ۔اس عارضی خاموشی نے پاکستانی شہریوں کو خوف و ہراس سے وقتی طور پر نجات تو دلا دی لیکن کیا واقعی ملک ممکنہ عسکریت پسندی کے خطرے سے نکل گیا ہے؟
پشاور میں دولت اسلامیہ کی جانب سے سے شہر اور اس کے مضافات میں ‘فتح ‘ نامی بارہ صفحاتی کتابچہ تقسیم کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ملک سے بڑی تعداد میں غیر ملکی دہشتگردوں کی جہاد کے لئےشام کی طرف نقل مکانی سے بھی پاکستان میں اس تنظیم کے رابطوں کا انکشاف ہوتا ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے ملک میں شام اور عراق میں خلافت کا اعلان کرنے والی تنظیم دولت اسلامیہ کی موجودگی سمیت عسکریت پسندوں کی کارروائیوں سے متعلق مسلسل خبریں گردش کر رہی ہیں- پشاور میں دولت اسلامیہ کی جانب سے سے شہر اور اس کے مضافات میں ‘فتح ‘ نامی بارہ صفحاتی کتابچہ تقسیم کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ملک سے بڑی تعداد میں غیر ملکی دہشتگردوں کی جہاد کے لئےشام کی طرف نقل مکانی سے بھی پاکستان میں اس تنظیم کے رابطوں کا انکشاف ہوتا ہے۔
دولت اسلامی خطے میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرنا چاہتی ہے جس کے لیے مذکورہ گروہ نے امریکا سے یرغمالیوں کے بدلے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہےجس کا مقصد پاکستان میں انتہا پسندوں کی حمایت حاصل کرنا ہے۔ تحریک طالبان پاکستان کے ایک Splinter Group نے اسکی حمایت کا اعلان بھی کردیا ہے۔ دولت اسلامی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر برسوں سے امریکی پیشقدمی کی بنا پر زیرزمین رہنے پر مجبور القاعدہ بھی جنوبی ایشیا میں دوبارہفعال ہونے کی کوشش میں ہے۔ القاعدہ کے سربراہ ایمن الزواہری نے جنوب ایشیائی شاخ کے قیام کا اعلان کیا ہے اور تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ ایک عسکریت پسند مولانا عاصم عمرکو اس ونگ کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے۔ اپنے اس دعوے اور خود کو فعال ثابت کرنے کے لیے چھ ستمبر کے دن ڈاکیارڈ پرحملہ بھی کیا گیا جس کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان اور القاعدہ دونوں ہی نے قبول کرلی ہے۔
افغانستان میں امریکی کارروائیوں کے بعد القائدہ کی سرگرمیاں محدود ہو گئی تھیں، دوسری جانب دولت اسلامی نے شام میں اپنی کامیابی کے بعد القائدہ کے سست رو طریقہ کار سے بیزار ہوکر اس سے علیحدگی اختیار کر کے عراق میں خلافت کا اعلان کر دیا۔ اب یہ دونوں انتہا پسند تنظیمیں جنوبی ایشیاء میں موجود مسلمانوں کو اپنی طرف راغب کرنا چاہتی ہیں، دونوں ہی کا مقصد خطّے میں اپنی مرضی کی خلافت قائم کرنا ہے۔شدت تنظیموں کے لئے عوامی سطح پر ہمدری،حمایت اور پہلے سے فعال تنظیموں اور ان کے نیٹ ورک کی موجودگی کے باعث ان تنظیموں کو پاکستان میں سازگار ماحول ملنے کے قوی خدشات ہیں۔ اگرچہ القاعدہ قیادت بوڑھی اور منتشر ہے اور اب اتنی فعال بھی نہیں، لیکن اس کے باوجود نیول ڈاکیارڈ میں ہونے والی تخریبی کاروائی میں ‘اندرونی عناصر’ کے ملوث ہونے کا انکشاف اس بات کا ثبوت ہے کہ القاعدہ کی جڑیں ملک میں اب بھی خاصی گہری ہیں جبکہ دولت اسلامی اپنی بہیمانہ کارروائیوں ، نظریاتی شدت اور وسیع وسائل کی بنا پر انتہا پسندوں میں تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔
ضرب عضب کے نتیجے میں بےگھر ہونے والے آئی ڈی پیز اور قدرتی آفات سے متاثر ہونے والی عوام کی امداد میں وفاقی و صوبائی حکومت کی نااہلی نے شدت پسند گروہوں کو فلاحی تنظیموں کے بھیس میں بھرتیاں کرنے اور وعوامی ہمدردی حاصل کرنے کا موقع دیا ہے ۔
جنوبی ایشیا میں مسلم دنیا کا کوئی ایک تہائی حصّہ رہتا ہے- اس خطّے کی ابتر سیاسی و اقتصادی حالت نے ان عسکریت پسند تنظیموں کو اپنا اثرورسوخ پھیلانے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ سیاسی، اقتصادی اور سماجی ابتری والے ممالک انتہا پسند تنظیموں کے لیے آسان بھرتی اور حمایت حاصل کرنے کا باعث بنتے ہیں ۔ یہ تنظیمیں مصائب میں گھرے لوگوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ ضرب عضب کے نتیجے میں بےگھر ہونے والے آئی ڈی پیز اور قدرتی آفات سے متاثر ہونے والی عوام کی امداد میں وفاقی و صوبائی حکومت کی نااہلی نے شدت پسند گروہوں کو فلاحی تنظیموں کے بھیس میں بھرتیاں کرنے اور وعوامی ہمدردی حاصل کرنے کا موقع دیا ہے ۔ ماضی کی زیادہ تر جہادی تنظیمیں اس وقت بھی فلاحی تنظیموں کے بھیس میں کام کر رہی ہیں۔ یہ جان لینا بھی ضروری ہے کہ قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے افراد کو محض چند لاکھ روپے معاوضہ ادا کر کے حکومت اپنی ذمہ داریوں سے گلوخلاصی نہیں کرا سکتی، مستقبل میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد پر توجہ دینی ہو گی۔صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو عوام کی فلاح و بہبود کے فوری اور جامع اقدامات کرنا ہوں گے، قومی سلامتی سے متعلق نقطہ نظر کی تشکیل نو کرنا ہوگی اور شدت پسند تنظیموں کی سرگرمیاں روکنے کے لئے موثر کاروائی کرنا ہوگی۔ انتہا پسندمذہبی نظریات بڑی تیزی کے ساتھ نہ صرف عوام بلکہ قومی اداروں میں بھی جگہ بنا چکے ہیں،عوامی سطح پر شدت پسندسوچ کے تدارک کے لئے نصاب کی تشکیل نو بھی ضروری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *