یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلااگلے تعلیمی سال کے دوران چھ نئے تعلیمی کورسز متعارف کرائے گی۔ یونیورسٹی انتظامیہ ان کورسزکے انعقاد کے لئے نئی عمارت بھی تعمیرکرائے گی۔ وائس چانسلر یوای ٹی ٹیکسلا پروفیسرڈاکٹر محمد عباس کے مطابق اگلے تعلیمی سال کے دوران یونیورسٹی کے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم دینے کے لئے گریجویشن سے لے کر ڈاکٹریٹ کی سطح تک انرجی انجینئرنگ،میٹیریل انجینئرنگ، الیکٹرانک انجینئرنگ،اپلائیڈفزکس اور ٹاون پلاننگ کے مضامین متعارف کرائے جائیں گے۔
یونیورسٹی ذرائع کے مطابق نئے مضامین کی تدریس اور عمارت کی تعمیر پر 95کروڑخرچ کئے جائیں گے۔ طلبہ کی تعداد میں اضافہ کے پیشِ نظر نئے ہاسٹل بھی تعمیر کئے جائیں گے۔نئے مضامین کے باعث یونیورسٹی کے طلبہ کی تعداد دگنی ہونے کی امید ہے۔ "ہم آنے والے برسوں میں طلبہ کی تعداد 6500 تک لے جانا چاہتے ہیں، یونیورسٹی کے اقدامات سے پی ایچ ڈی سکالرز کی تعداد 225 سے بڑھ کر 660 ہو جائے گی” ڈاکٹر عباس نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی معیار تعلیم کی بہتری کے لئے تجربہ گاہوں میں بہتر سامان کی فراہمی پر بھی روپیہ خرچ کرے گی۔
مختلف مضامین میں تحقیق کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ مختلف کاروباری اداروں سے تعاون اور تحقیقی مرکز کے قیام کے لئے بھی مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ طلبہ ذرائع نے یونیورسٹی کے ان منصوبوں کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان میں انجینئرنگ کی تعلیم کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے۔

Leave a Reply