Laaltain

ہمارے ساتھ چلنا ہے تو آؤ

30 نومبر, 2017
Picture of علی زریون

علی زریون

ہمارے ساتھ چلنے کی تمنّا ہے تو بسم اللہ !
چلے آؤ
مگر چلنے سے پہلے چند باتیں ہیں
کہ جن کا جان لینا، جان دے دینے سے پہلے ہے
تو ایسا ہے
کہ یہ رستہ کہیں باغات سے ہو کر نہیں جاتا
یہ رستہ
ایسے بازارِ ملامت سے گزرتا ہے
جہاں ہر سمت سے طعنوں کے پتھر مارے جاتے ہیں
سو تم اپنی زباں کو صبر سے
دل کو محبت سےبدل ڈالو
ہمارے مسلکِ توحید میں فرقے نہیں ہوتے
یہاں پر جنس، مذہب، رنگ ، نسل و ذات کے جھگڑے نہیں ہوتے
یہاں پر صرف ” اَلاِنسانُ سِرّی” کی صدائیں ہیں
اگر تم علم والے ہو
تو پھر اپنے لغت سے فرق اور تفریق کے الفاظ دھو ٖڈالو
اگر عشقے کی ڈگری چاہئیے تو پھر لغت کو پھینک دینا عین واجب ہے !
کہ جو عشقے کے عالِم ہوں
انہیں سب عالَموں کا علم ہوتا ہے
یہاں کشف و کرامت کا بھی چکر ہی نہیں کوئی
خود اپنے آپ کو پڑھنے سے افضل کشف کیا ہو گا !
بھلا انسان ہو جانے سے بڑھ کر کیا کرامت ہے !!
اور ان باتوں سے پہلے، سب سے پہلے اپنے سینے میں ذرا جھانکو !
تلاشی لو
تمھارا دل ابھی تک ٹھیک سے ٹوٹا بھی ہے یا نئیں ؟؟
اگر اب تک سلامت ہے
تو پھر یہ ساتھ مشکل ہے !
کہ یہ راہِ محبت کی طریقت ہے
یہاں ثابت قدم وہ ہے
کہ جس کا دل شکستہ ہو !
ہمارے ساتھ چلنا ہے ؟
تو آؤ
اب سفر آغاز کرتے ہیں !

Image: Asit kumar patnaik

ہمارے لیے لکھیں۔