Laaltain

گناہ گار شاعر کی بے گناہ نظمیں

13 اگست, 2017
Picture of حفیظ تبسم

حفیظ تبسم

[blockquote style=”3″]

حفیظ تبسم کی یہ نظم معروف ادبی جریدے ‘تسطیر’ میں شائع ہو چکی ہے، لالٹین قارئین کے لیے اسے مدیر تسطیر نصیر احمد ناصر کی اجازت سے شائع کیا جا رہا ہے۔

[/blockquote]

تسطیر میں شائع ہونے والی مزید تخلیقات پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

کل میری دو نظمیں بازار گئیں
(جو جڑواں بہنیں تھیں)
مگر واپس نہیں لوٹیں
اِن دنوں کرفیو کے باعث
کھلے عام گھومنا ممنوع تھا
لیکن میں نے دن کی رفتار سے تیز بھاگتے ہوئے
شہر کا چکر کاٹا
رات کے سائے کے ڈر سے
مسجدوں میں اعلان کروائے گئے
مگر دہشت کے بستر میں دبکے لوگ
کچھ نہیں جانتے
کس کی پھٹی ایڑیوں سے رستا خون
لکیریں کھینچ رہاہے

آخر افسردگی سے دیوار میں لگا ٹی وی آن کیا
“سپر مارکیٹ دھماکے سے اڑا دی گئی”
میں بھاگتا جائے وقوعہ پہنچامگر
پانی سے موت کے نشان
گٹر میں بہائے جا چکے تھے

اب بے یقینی کے سگریٹ پھونکتا
قبروں کے پاس بیٹھاہوں
جہاں بم دھماکے میں مری روحیں دفن ہیں
مگر میری نظموں کی قبر کون سی ہے
کہ مٹی کے چہرے سے پہچان ممکن نہیں
اور میں
مرنے سے پہلے کتبہ لگانا چاہتا ہوں
“یہاں گنہگار شاعر کی بے گناہ نظمیں دفن ہیں”

Image: Paulo Zerbato

ہمارے لیے لکھیں۔