Laaltain

کالی ووڈ عشرے

1 اکتوبر، 2017
کالی ووڈ عشرہ 1

ھمیں افسوس ہے! تم مارے گئے، اور تمہارے ساتھی، پیارے
جس موقف کو ٹھیک سمجھتے ہوں گے، اُسی پر وارے گئے

دوسرے بھی اپنے موقف کو کم سے کم اتنا ہی ٹھیک سمجھتے تھے
نامعلوم اسباب سے جو احباب کی نصرت کو بر وقت نہیں پہنچی
دشمن خود کو اسی سوپر پاور کے زیادہ نزدیک سمجھتے تھے

جب، جو بھی ہو، سب اُس کی مرضی ہے تو…کیا وہ حقیقت میں فرضی ہے؟

ظالم اور مظلوم کا ایسے فیصلہ ہونا نئیں میرے دوست
یہ کوئی خالی ڈیڑھ ہزار برس کا رونا نئیں، میرے دوست!

اب جو تمہارے نام پہ چیختی پیٹی روتی بستی ہے
عام پڑھی لکھی جہالت نہیں، خالص نسل پرستی ہے

کالی ووڈ عشرہ 2
کالی ووڈ عشرہ 3

جو بطور نشانی باقی تھے، اِن بزرگوں کی کوششوں کے بغیر
سلطنت پھیلتی ہی جاتی تھی..اچھا تھا سوئے رہتے چونکے بغیر
لونڈیاں، لونڈے، روپیہ، پیسا۔۔۔۔۔۔۔۔ ہر طرح کے تحایف آتے تھے
سب جو اپنے گھروں میں بیٹھے ہوے۔۔۔۔ اچھے خاصے وظیفے پاتے تھے

پھر یہ جانے جہاد تھا کیسا، کیسے معصوم لوگ تھے صاحب!
وہم تھے کیا سروں میں بیٹھے ہوے، اور لہو میں فساد تھا کیسا
سب نے روکا، مگر نکل ہی پڑے! کیسے مظلوم لوگ تھے صاحب!

مارنے والوں مرنے والوں نے ایک ہی تو خدا کا نام لیا
آج تک جن کے بارے میں سب نے سستے مبالغے سے کام لیا
ان کے با موت مارے جانے کا، ایک قاتل نے انتقام لیا

کالی وڈ عشرہ 4

زید، علی الصبح شہر میں داخل ہوا
شام ہونے سے پہلے پہلے
اسیّ ہزار جانثار سر کٹانے کو تیار

بکر منہ اندھیرے شہر میں داخل ہوا
رات پڑنے سے پہلے پہلے
اسیّ ہزار وفادار بمع تیر و تفنگ و تلوار

عمر پَو پھٹے شہر میں داخل ہوا….
وہی اپنے پرانے وفادار جانثار اسی ہزار بمع فرس و تلوار ہمہ وقت تیار

زید کو بکر نے لٹکا دیا، بکر کو عمر نے، عمر کو …

شہر کی آبادی بدستور آٹھ دس ہزار کے لگ بھگ رہی

کالی ووڈ عشرہ 9

اچھے سیانے تھے تم حجاز کی وظیفہ خور آزادی میں
کس پکنک پر کیمپ لگایا فرات کی با آب و گیہ وادی میں

فرزدق، اصلی فرضی روکنے والے ملے ہر ہر فرسنگ پہ
کم ہی کوئی ہوگا جس نے تمہیں اکسایا ہو ایسی جنگ پہ

با آسانی الگ کر سکتے ہیں اب ہم جھوٹ کو سچ سے
دین کی پوشیدہ نصرت کو، کرسی کے خفیہ لالچ سے

عربی سوا نیزے سے نیچے، عجمی طشت سے ہٹ کر
دھاڑیں مارتے پچھاڑیں کھاتے ہجوم ہیں
ریت کے ذروں میں شامل بیکار نجوم ہیں
میں رستے پر بھٹک پڑا ہوں قادسیہ کے دشت سے ہٹ کر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *