Laaltain

وہ سازش ڈھونڈ رہے تھے

30 اکتوبر, 2017
Picture of سلمان حیدر

سلمان حیدر

کسی خفیہ راستے کی تلاش میں
انہوں نے سرکنڈوں کی بنی دیواروں پر
لپی ہوئی مٹی کھرچ ڈالی
اور تیل کا چولہا الٹ کر انہیں جلا دیا
چھاونی کے نقشے ڈھونڈنے کو
تھکے ہوئے جسموں پر منڈھا ہوا چمڑہ ادھیڑ کر
ہڈیوں میں سوراخ کیے
تاکہ رستا ہوا گودہ
بغاوت کے جراثیم ٹیسٹ کروانے
دارلحکومت بھیجا جا سکے
میلی چادریں بوٹوں تلے کچلیں
ادھڑے ہوئے گریبانوں میں
رال سے لتھڑے ہوئے ہاتھ ڈال کر
سوکھی ہوئی چھاتیاں ٹٹولیں
فاقہ زدہ پیٹوں کو بندوقوں کے دستوں سے ٹھونک
کر ان کے خالی ہونے کا اندازہ لگایا
پھٹے ہوئے جوتے سے جھانکتے ناخن کھینچ کر
ان کے اصلی ہونے کا یقین کیا
آنکھوں کی جھیلیں آنسووں سے خالی کروائیں
تاکہ ان کی تہہ میں چھپا ہوا اسلحہ برآمد کر سکیں
قہقہے ضبط کر لیے
اور مسکراہٹوں کے دانت توڑ ڈالے
ادھڑی ہوئی جیبوں میں
غیر ملکی کرنسی کی تلاش سے مایوس ہو کر پلٹے
تو جاتے ہوئے بچوں کے گلک توڑ گئے
جن میں انہوں نے خواب جمع کر رکھے تھے
میں اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر
اسکے خواب سمیٹ رہا ہوں
پھر اپنی نظموں کی کتاب ترتیب دوں گا۔۔۔۔
Image: Banksy

ہمارے لیے لکھیں۔