Laaltain

وزارت محبت قائم کیجیے

14 فروری، 2018
Picture of حمیرہ اشرف

حمیرہ اشرف

کلثوم اور فرزانہ محبت کی شادی کرنے پر پر عدالت کے احاطے میں قتل ہوئیں تو سمیعہ ماں باپ کے ہاتھوں، کائنات چچا کے ہاتھوں تو مشال بھائی کے ہاتھوں تو کہیں کامران لاڑک کو زہر پلا دیا گیا تو کہیں جوڑے کو قتل کرکے گھر میں ہی دبا دیا گیا۔ محبت کے ہاتھوں قتل وغارت، اجڑنے، تباہ برباد ہونے کی کہانیاں زبان زد عام ہیں ۔ بہت ساری صورتوں میں لڑکی مار دی جاتی ہے تو کہیں جوڑے کو موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے، اور کہیں لڑکے حسد رقابت کی بھینٹ چڑھ کر قتل ہوجاتے ہیں۔ کہیں محبت کرنے والوں کا پورا گھرانہ ہی عتاب کا شکار ہوجاتا ہے۔

محبت کے نام پر دھوکے کی صورت میں حوا کی بیٹیاں دھوکے کا شکار ہوکر دربدر ہوتی ہیں، کہیں اپنی عصمت اور خاندان کی ناموس گنوا بیٹھتی ہیں اور کہیں جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں کھلونا بن کر روز روز لٹتی ہیں اور اپنے نصیبوں کو روتی ہیں کہ کیوں محبت کی تھی ، کیوں دل لگایا تھا۔ کہیں مرد محبت میں ناکامی پر خودکشی کر لیتا ہے تو کبھی کم عمر اسامہ ہاتھ کی نسیں کاٹ لیتا ہے تو کہیں محبت میں ناکام والدین کی مرضی پر راضی ہوکر زندگی کے خلا میں ساری عمر بس بھٹکتا راستہ تلاش کرتا رہ جاتا ہے۔ اکثر وجود اپنے اندر ہی اندر ایک قبر بنائے تاعمر اس قبر کے مجاور بنے اپنے نام لگی عورت کو عمر بھر کی پیاس دیے زندگی گزار دیتے ہیں۔ کہیں محبت کے متوالے ہوش گنوا بیٹھتے اور پاگل خانوں میں دیواروں پر اس کا نام لکھتے اسے آوازیں دیتے ہیں تو کہیں کچھ لوگ نشے میں غم بھلانے کی سعی کیے مزاروں کوڑے دانوں پر گم صم نظر آتے ہیں۔

لیکن! کیا کبھی کسی نے سوچا ہے کہ اتنی برباد داستانوں کو سن کر محبت سے رُک جائیں۔ نہ دل لگائیں نہ روگ لگائیں، نہ خود کو تڑپائیں، نہ راتوں کو رلائیں۔ کیوں انجام جانتے بوجھتے بھی دو دل اس آگ میں کود پڑتے ہیں۔ کیوں اپنے دل ایسی آگ لگ جاتی ہے جو کسی ایک چہرے کسی مسکراہٹ یا کسی مخصوص لمس سے ہی سرد ہوپائے۔ فطرت! جی ہاں یہی فطرت ہے۔ خدائی تحفہ ہے جو انسان پر ودیعت کیا گیا ہے۔ جو لاکھ پہرے بٹھانے سختیاں کرنے، روکنے ٹوکنے، ستانے، تڑپانے پر بھی نہیں رُکتی۔ کوئی دل ایسا نہیں جس کے دل میں کبھی عمر کے کسی بھی حصے میں کسی کے لیے بھی نرم گوشہ نہ آیا ہو، کسی کو دیکھ کر دل نہ مسکرایا ہو ۔

آخر اسے روکا بھی کیوں جائے؟ جب سب ہی جانتے ہیں کہ یہ عمر کا تقاضا ہے، فطرت کی پکار ہے۔ ہر ثقافت اور مذہب اس کی اجازت دیتا ہے تو آخر کیوں اسے رد کیا جائے۔ اس وقت تک بہت سی جانیں لی گئیں، لاتعداد گھرانوں میں دشمنی کی بنیاد پڑی تو بہت سے گھرانوں کو کئی نسلوں کو اس کا حساب چکانا پڑا۔ اب اور کتنا ذلیل ہوا جائے۔ ہم محبت سے کیوں خوف زدہ ہوتے ہیں؟ رسوائی کا ڈر؟ چلیں سب قبول کر لیں اسے رسوائی ختم ہوجائے گی۔ دھوکا کھانے کا خوف؟ چلیں باندھ دیں شادی کے بندھن میں۔ نہیں بندھتا کوئی شادی میں کلی کلی منڈلانے کا عادی ہے؟ دیجیے سزا، کیجیے قانون سازی، بنائیے کوئی منسٹری، بٹھائیے کوئی کمیٹی، ایک دفتر لے ڈالیے جو تحفظ دے محبت کے دیوانوں کو۔ حکومت اور ارباب اختیار کو امن و امان قائم کرنا ہے، عوام کی جان و مال، عزتیں اور آبرو محفوظ کرنا ہیں، فلاحی ریاست کے عزم کی تکمیل کرنا ہے، تو کیجیے، آگے آئیے۔ بہت ہوچکا۔ محبت کو نہیں اسے زبردستی روکنے کی صورت میں پیدا ہونے والے مسائل کوختم کیجیے۔ ذیل کی تجاویز پر عمل کرنا سود مند ثابت ہوسکتا ہے:

پہلے یہ ذہن نشین کرلیں مذہب محبت سے نہیں روکتا۔ اسلام دو محبت کرنے والوں کے بیچ نکاح کو سب سے بہترین مانتا ہے ( یعنی محبت کرنے کو ملامت نہیں کی گئی) ۔ اب سوچیں محبت کا قبولِ عام نہ ہونے کی وجہ سے چونکہ خون خرابا نقصِ امن ہوتا ہے اس لیے اس کے لیے راہ ہموار کی جائے۔ لوگوں کے خدشات دور کیے جائیں۔ انھیں سمجھایا جائے کہ اس نفرت میں ہی سب برائی ہے۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ خاندان رابطہ مہم بھی سازگار رہے گی۔ مذہبی سرکردہ افراد کو بھی اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی دعوت دی جاسکتی ہے۔

حکومتی سطح پر اس مقصد کے لیے الگ سے منسٹری بنائی جائے جس کے دفاتر ہر چھوٹے بڑے شہر میں ہوں، خواہ اسے مقامی حکومتوں کے تعاون سے چلایا جائے۔ اس منسٹری کے تحت چلنے والے دفاتر محبت کرنے والے اور شادی کے خواہش مند جوڑوں کو رجسٹر کریں اور ان کی شادی کے سلسلے میں ان کے والدین اور اہل خاندان سے مشاورت کا سلسلہ شروع کرے۔ اگر کہیں اختلافات ہوں تو ریاست اپنی سرپرستی میں ان شادیوں کو کروائے۔ جبکہ متعلقین کو کسی بھی انتقامی کارروائی سے باز رکھنے کے لیے انتباہی نوٹس جاری کرے۔

اگر کوئی جوڑا محبت میں ہونے کے باوجود خود کو رجسٹر نہ کروائے تو ریاست ان میں سے دونوں یا کسی ایک کو شکایت موصول ہونے پر دفتر طلب کرے اور ان کی محبت کی صداقت کا ثبوت طلب کرے۔ دونوں کے یا دونوں میں سے کسی ایک کے دھوکے باز ہونے یا کسی مشکوک گروہ سے تعلق ہونے کی صورت میں پولیس کی مدد سے چھان بین کروائے اور مناسب سزا تجویز کرے تاکہ خواتین کے لٹنے اور برباد ہونے کے واقعات کا سدباب ہوسکے۔

اس ضمن میں سخت قوانین ہونے کی وجہ سے نظرباز، دھوکے باز اور کلی کلی منڈلانے والے بھنورے نیز راہ چلتی خواتین کو چھیڑنے یا ان کو سڑکوں پر خط اور پھول پکڑانے والے اور دل لگی کرنے والے بھی اپنی حد میں رہیں گے۔ اسی منسٹری کے متوازی ہراسانی کے واقعات کا سدباب بھی کیا جاسکتا ہے۔

حرفِ آخر! محبت کو نہ روکیے؛ ان عوامل کو روکیے جنھوں نے محبت کا حسن گہنا دیا ہے۔ محبت کا دن منائیے، کیونکہ یہ زندگی محبت کی مرہونِ منت ہے؛ ہر سانس محبت کا جشن ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *