سٹاف رپورٹر
پنجاب ٹیچرز یونین نے پنجاب کے سکولوں میں ناکافی سہولیات اور اساتذہ پر غیر تدریسی ذمہ داریوں کے بوجھ پر تنقید کی ہے۔ یونین نےجماعت پنجم اور ہشتم کے خراب نتائج کی وجہ اضافی ذمہ داریوں اور ناکافی وسائل کو قرار دیا ہے۔ ٹیچرز یونین نے پنجاب بھر کے اساتذہ کو خراب نتائج پرحکومتِ پنجاب کی طرف سے بھیجے گئے شوکاز نوٹسز پر احتجاج کرتے ہوئے حکومتی حکمت عملی کو ناقص قرار دیا ہے۔ محکمہ تعلیم پنجاب نے پنجاب ایمپلائز ایفیشینسی، ڈسپلن اینڈاکاؤنٹیبلٹی ایکٹ 2006 کے تحت رواں سال ناقص نتائج دکھانے والے اساتذہ کو شوکاز نوٹسز بھیجے تھے۔ اساتذہ کی تنظیم پی ٹی یو نے اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کے لئے نتائج کو معیار بنانے کی بجائے تعلیمی اداروں میں سہولیات کی کمی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ گزشتہ تعلیمی سال کے دوران اساتذہ کو انسدادڈینگی پروگرام ، ایجوکیشن سروے اور عام انتخابات 2013کے دوران اضافی ذمہ داریاں دی گئی تھیں۔ غیر تدریسی سرگرمیوں میں اساتذہ کی شمولیت پاکستان میں معمول کی بات ہے۔ماہرین تعلیم کے مطابق پاکستان میں طلبہ کے نتائج پر اثر انداز ہونے والے اہم عوامل اساتذہ کی ناقص تربیت، سکولوں میں ناقص سہولیات اور غیر تدریسی انتظامی سرگرمیوں میں اساتذہ اور طلبہ کی شمولیت کو قرار دیا ہے۔ پاکستان میں سرکاری اداروں کے طلبہ اساتذہ کی عدم موجودگی کے باعث اضافی ٹیوشن اور امدادی کتب کے استعمال پر مجبور ہیں۔
Leave a Reply