Laaltain

ناقابل اشاعت آدمی

13 اکتوبر, 2015
Picture of سدرہ سحر عمران

سدرہ سحر عمران

ایک فرض کیے ہوئے مکان میں
کرائے کی زندگی گزارنے کے بعد
کاغذ کا آدمی
دیواروں پہ کھڑکیاں بناتا ہے
اور ناقابل اشاعت کتابیں
کھڑکیوں سے باہر پھینک دیتا ہے
 
بھاگ دوڑ کے دوران
کتابیں۔۔۔۔
اس کے ہاتھ ضائع کر دیتی ہیں
وہ قلم کی نوک سے اپنی آنکھیں کھولتا ہے
اور کہانیاں زمین پر رینگنے لگتی ہیں
( کہانیاں کوئی خلائی مخلوق ہیں)
“دیواریں اب کہیں نہیں ہیں”
کاغذ کا آدمی تختہ سیاہ پر ہاتھ بناتا ہے

 

فحش تاریخوں کی کہانیاں
شائع نہیں ہوتیں
ان رسالوں میں
جن کے منہ کھلتے ہی دایاں کندھا پھول جاتا ہے
اور توبہ استغفار کی آوازیں
تسبیح کے دانوں پر بھگٹٹ بھاگتی ہیں

 

اشاعت کی فہرست سے نکلی ہوئی
غیراخلاقی کہانیاں
کوڑے کا ڈھیر بن جاتی ہیں
اور منٹو بے ہودگی سے ہنستا ہے
“منٹو۔۔۔ ایک۔۔۔ گالی۔۔۔ ہے”

ہمارے لیے لکھیں۔