Laaltain

میں نے حیرت کو قتل کیا

27 جولائی, 2015
Picture of فیثا غورث

فیثا غورث

میں نے حیرت کو قتل کیا
اور تحیر کی لاش دریافت ہونے تک میں خود کو محفوظ خیال کر سکتا ہوں
ہو سکتا ہے چند سوالیہ کتے سونگھتے سونگھتے آجائیں
ممکن ہے لاش اپنی بدبو ایجاد کر لے
اور شک کی مکھیا ں بھنبھنانے لگیں
کون جانتا ہے کسی نے مجھے حیرت کا گلا کاٹتے دیکھ لیا ہو؟
اس کی چیخوں کے چپچپے دہانے پر
میری ہتھیلی چپکی رہ گئی ہو گی
میں شایدبھاگتے ہوئے اپنے پاوں پیچھے چھوڑ آیا تھا
ہوا نے میرا عکس پھیلا دیا ہوگا
رات نے مخبری کی ہوگی
مجھے مفرور قرار دے دیا گیا ہے
شبے کی آنکھ میرے سر پر معلق ہے
میں اپنے آس پاس شہادتیں رینگتی دیکھ سکتا ہوں
میرے ناخن میرے گوشت کو نگلتے جارہے ہیں
میرا دماغ میرے حلق میں پھنس گیا ہے
 
کھوجی کتوں کے بلائے جانے تک میں خود کو محفوظ خیال کر سکتا ہوں
کیمروں کی یادداشت بحال ہونے تک بھی
اخباری سرخیوں کے چہ مگوئیاں کرنے سے پہلے
سرکاری فائلوں میں میرا نام پھول کر ابھرنے سے پہلے
اس سے پہلے کہ مجھے کھمبے کی اوٹ میں پہچان لیا جائے
اس سے پہلے کہ میں پیشیوں میں تحلیل ہوجاوں
 
میں مقتول کا ہم شکل ہونے تک خود کو محفوظ خیال کر سکتا ہوں
قید گاڑیوں کی روشنیوں کو میرے ہر چہرے کی پہچان ہے
میرے خون آلود کپڑے میرے جسم کے ساتھ چپک گئے ہیں
میں اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے تک خود کو محفوط خیال کر سکتا ہوں
سائرن بھونکتے ہوئے کسی بھی وقت آسکتے ہیں
گواہوں کے بیانات میری طرف انگلی اٹھائے چلے آ رہے ہیں
میں اپنے گرد ناچتے کٹہرے دیکھ سکتا ہوں
مجھے سالگرہ کے دن ہتھکڑیوں کا تحفہ ملا ہے
عینی شاہدین نے مجھے میری پشت سے پہچان سکتے ہیں
مجھے کسی بھی وقت حیرت کا شدید دورہ پڑھ سکتا ہے
ایک مری ہوئی حیرت کا خون آلود، متلی آمیز خفقانی دورہ
“یہ دورہ جان لیوا بھی ہوسکتا ہے”
ایک مقتول تحیر کا آسیب زدہ ہیجانی دورہ
 
میں حیرت کا شدید دورہ پڑنے تک خود کو محفوظ خیال کرسکتا ہوں

ہمارے لیے لکھیں۔