بابا خیرا خزانہ کا 585 واں عرس فروری کے آخری ہفتے میں منایا گیا۔ خیرا خزانہ درگاہ ضلع شیخوپورہ تحصیل صفدرآباد کے ایک قصبے رام گڑھ رتی ٹبی چک نمبر 12 ر-ب میں واقع ہے۔ روایات کے مطابق یہاں شہاب الدین شاہ خزانہ نام کے ایک بزرگ مقیم تھے جن کے ایک خدمت گار کا نام "خیرا” تھا۔ خیرا کی خدمت کے صلے میں خزانہ سرکار نے انہیں دُعا دی کہ مجھے لوگ تمہاری وجہ سے جانیں گے۔ دونوں بزرگوں کا مزار ایک ہی جگہ ہے اور خزانہ سرکار کی دُعا کے مطابق اس درگاہ کے نام میں خیرا پہلے اور خزانہ بعد میں پکارا جانے لگااور آج تک یہ درگاہ اسی نام سے منسوب ہے۔

درگاہ کا بیرونی منظر

درگاہ کا بیرونی منظر

پنجاب میں ہونے والے بہت بڑے بڑے میلوں کی رونقوں کو جرنیلی ضیائیت کی لُو نے جُھلسا کے رکھ دیا اور رہی سہی کسر دہشت گردی کے عفریت نے پوری کر دی۔ ضلع شیخوپورہ میں ہونے والے بہت بڑے بڑے میلے جن میں میلہ پیر بہار شاہ، وارث شاہ جنڈیالہ شیرخاں، حاجی دیوان خانقاہ ڈوگراں، بابا نو لکھ ہزاری شاہکوٹ قابلِ ذکر ہیں جو کسی زمانے میں ملکی سطح کے میلے سمجھے جاتے تھے مگراب علاقائی سطح کے روایتی جوش و خروش سے بھی محروم ہیں۔

میلہ بابا خیر خزانہ میں آنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے

میلہ بابا خیر خزانہ میں آنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے

میلہ بابا خیرا خزانہ اس وجہ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ دگرگوں ملکی صورت حال کے باوجود ہر سال بہتری کی طرف گامزن ہے اب سے محض دو عشرے قبل یہ میلہ صرف دو دن کا ہوتا تھا جو اب 6 دن تک جاری رہتا ہے۔ اب میلے میں نیزہ بازی، کبڈی اور گھوڑا رقص کے تین بڑے مقابلے بھی شامل ہیں جن میں پنجاب کی سطح کی ٹیمیں اور کلب حصہ لیتے ہیں۔

Horse-Dance-Laaltain

Horse-pegging-Laaltain

Horse-pegging-Laaltain2

Horse-riding-Laaltain

Participant-Laaltain

ہزاروں کی تعداد میں شائقین یہ مقابلے دیکھنے کے لیے آتے ہیں گردونواح کے وہ لوگ جو شہروں کو ہجرت کر گئے ہیں اہل و اعیال سمیت میلے میں شمولیت کے لیے وقت نکالتے ہیں، بیاہتا خواتین کو یہ میلہ اپنے خاوند اور بچوں سمیت چند دن اپنے میکے کا مہمان بنا دیتا ہے۔ معاشی سرگرمیاں بھی عروج پر ہوتی ہیں۔

میلے میں سپیرے، مداری، حکیم، سنیاسی اور بازی گر میلییوں (میلہ دیکھنے والے) کو اپنے فن کے زور پر اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں اور آپ بھلے اُن کی باتوں پر یقین نہ کریں مگر لطف اندوز ضرور ہوں گے۔

Jogi-Laaltain

Jogi-Laaltain-2

پنجاب کے میلے یہاں کی ثقافت کا تاج ہیں اور پنجاب کی ثقافت اپنے اس تاج کے بغیر کیسے باقی رہ سکتی ہے؟

Leave a Reply