مجھے تمہارے اس دل سے محبت ہے
جو کبوتر کے نرم پروں جتنا نرم محسوس ہو رہا ہے
مجھے تماری سماعتوں سے محبت ہے
جو ہزار گدلے خیالات کے دریاؤں کو
سمندروں کی طرح خود میں جگہ دے کے تازہ دم کردیتی ہے
مجھے تمہاری ان پتلیوں سے محبت ہے
جو زندگی کے دو شفاف محدب عدسوں کے
پیچھے سے دکھوں کا
ان کے جذیات تک پیچھا کرتی ہیں۔
مجھے تمہارے نیوران کے ان سارے دھاگوں سے محبت ہے
جو ٹوٹے وقت کے تاروں کو
پھر سے جوڑنے کا ہنر جانتے ہیں
مجھے تمہاری آواز کی مدھرتا سے محبت ہے
جو وقت کے جلتے تو ے پر پانی کے چھینٹوں کی سی آواز بن کر گر رہی ہے
مجھے تمہارے خاموش صوتی وقفوں سے
محبت ہے
جو تنہائی میں راگ الانپنا جانتے ہیں
مجھے تمہاری انگلیوں کی پوروں سے محبت ہے
جو تھاپ کے کسی ارتعاش سے بہت پہلے
مجھے رقص پہ آمادہ کرلیتی ہیں
Image: Duy Huynh