برف باری کاشت کرنے کے موسم میں
ہم نے آگ سے بوریاں بنا ئیں
ہماری آنکھیں کلہاڑی سے زیادہ تیز
اور درختوں سے زیادہ سایہ دار نکلیں
تم مجسمے کی طرح باغ میں کھڑے تھے
میں نے سورج کے آنے سے پہلے
پرندے آزاد کر دیئے
تم آسمان کی پرتوں میں چھپ گئے
سورج تمہیں رات کے نام سے پکارتا رہا
دیکھو۔۔۔ گھنگرو ہوا کے پیر سے پھسل چکے
اور میری آوارگی مجھے راس آ گئی
میں مٹی کے صابن سے جھاگ بنا کر
آسمان سے رات صاف کرنا چاہتی ہوں
Image: Gabriel Isak