مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع ہونے والے میٹرک امتحانات کے لئے لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بر وقت رول نمبر سلپس جاری کرنے میں ناکام رہا ہے۔ لالٹین ذرائع کے مطابق بورڈ کے نئے آن لائن نظام کے تحت فارم جمع کرانے والے پرائیویٹ طلبہ میں سے 55 فی صد طلبہ کو امتحانات شروع ہونے سے قبل رول نمبر سلپ وقت پر موصول نہیں ہو سکی۔ متاثرہ طلبہ کو بورڈ دفتر سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی تاہم 8 فی صد طلبہ ابھی بھی رول نمبر سلپ حاصل نہیں کر سکے۔
لاہور بورڈ کا آن لائن نظام امتحانی نتائج اور رول نمبر سلپ بر وقت نہ ملنے کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہا ہے۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق بورڈ کا نظام آن لائن کرنے کے ساتھ عملے کی تربیت دینے اور احتساب کا نظام بہتر بنانا بھی ضروری ہے۔
لاہور بورڈ میں گزشتہ برسوں کے دوران داخلہ کا نظام آن لائن کرنے کا عمل بد انتظامی کا شکار ہے۔ بورڈ کے ایک اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بورڈ ملازمین کے مابین موجود چپقلش کا انکشاف کرتے ہوئے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں موجود بد نظمی کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔ اہلکار کے مطابق بورڈ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے فعال ہونے کے باعث بورڈ کے مختلف شعبہ جات کے عملے میں کمی کے امکان کے باعث بھی بعض ملازمین آن لائن نظام کی کامیابی میں رکاوٹ ہیں۔ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ بروقت ویب سائٹ اپ ڈیٹ (update) کرنے میں ناکام رہا ہے، جس سے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
لاہور کے مضافات سے تعلق رکھنے والے طلبہ بورڈ کے امتحانی نظام میں بد انتظامی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ مریدکے سے تعلق رکھنے والے طالب علم مزمل عرفان کے مطابق انہیں اپنی رول نمبر سلپ نہ ملنے کے باعث تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قصبات اور دیہات کے طلبہ خصوصاً طالبات کے لئے رول نمبر وصول کرنے سلپس لاہور آنا ایک مشکل امر ہے۔ مزمل نے امتحانی نظام شفاف بنانے اور آن لائن داخلوں کے نظام کو بہتر بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔
لاہور بورڈ کا آن لائن نظام امتحانی نتائج اور رول نمبر سلپ بر وقت نہ ملنے کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہا ہے۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق بورڈ کا نظام آن لائن کرنے کے ساتھ عملے کی تربیت دینے اور احتساب کا نظام بہتر بنانا بھی ضروری ہے۔

Leave a Reply