Laaltain

ہمارے لیے لکھیں۔

فلسطینیوں کے نام ایک محبت نامہ

test-ghori

test-ghori

18 جولائی, 2014
ہمیں نعرے لگانے ہیں
ہمیں جوشیلے لفظوں کے سبھی ٹائر جلانے ہیں
تدبر کی، تفکر کی یہاں ساری ٹریفک جام کرنی ہے
ہمیں ہڑتال بھی اک عام کرنی ہے
تم اپنے بچے جلواؤ گے، نعرے ہم لگائیں گے،
تم اپنی مائیں ، بہنیں، بیٹیاں اک بار مرواؤ گے
ہم امت کے اس غم میں خود اپنا شہر لوٹیں گے، لہو میں ڈوب جائیں گے۔
کہ ہم جیسا نہیں ہمدرد کوئی
اے محمد مصطفٰیﷺ یاں تیری امت کا
اگر مارے غنیم اک امتی تیرا
تو ہم اس امتی پر سینکڑوں گھر آپ اپنے وار سکتے ہیں۔
خود اپنے شہر میں لاشوں بھری سب بوریاں کب یاد ہیں ہم کو۔
بس اک تصویر ہم کو چاہیے مولٰی
کہیں خوں میں نہائے ایک لاشے کی
ہمارے پاس دیں کی نذر کو یہ آبگینہ ہے
جھلکتی ہے تری امت کی جس میں آبرو اب تک