Laaltain

عمر قید

14 نومبر، 2017

مجھے اپنے ہی جسم میں
قید کر دیا گیا ہے
پچھلے کئی سالوں میں
اس جسم کے اندر
مَیں بہت سی عمر قیدیں
گزار چکا ہوں
لیکن میری رہائی نہیں ہو پا رہی ہے

میرا برتاؤ بھی سب سے بہت اچھا ہے
ملنسار بھی مشہور ہوں
جیلر نے کئی مرتبہ
اچھے رویے پر
مجھے شاباشی بھی دی ہے

میرا کام میں دل بھی بہت لگتا ہے
کبھی کبھی تو
مقررہ وقت گذرنے کے بعد بھی
کام میں جُتا رہتا ہوں
وقت پہ سو بھی جاتا ہوں
صبح سویرے آنکھ بھی کھل جاتی ہے

لیکن جب سے قید خانے میں
نیا جیلر آیا ہے
صفائی کا انتظام بہتر ہو گیا ہے
غذا بھی اچھی مل رہی ہے
کشادہ کھڑکی سے
سورج بھی دیکھ پاتا ہوں
ہوا بھی تازہ چل رہی ہے
دوا بھی وقت پہ مل رہی ہے

قید خانہ جب سے
کشادہ ہو گیا ہے
میری اس قید میں
کئی اور سالوں کا
اضافہ ہو گیا ہے ۔۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *