[vc_row full_width=”” parallax=”” parallax_image=””][vc_column width=”2/3″][vc_column_text]

شب خیزیا

[/vc_column_text][vc_column_text]

ایک خواب
ہر شب میری نیند میں داخل ہو جاتا ہے
کسی خفیہ راستے سے
میرے وجود کا خود کار حفاظتی نظام
اسے ٹریس نہیں کر پاتا
آنکھ کھلنے پر بھی
کچھ پتا نہیں چلتا
کہ وہ اپنی نامعلوم کارروائی مکمل کر کے جا چکا ہے
یا اندر ہی کہیں چھپا ہوا ہے
مجھے تو وہ خواب
حالیہ ترقی یافتہ زمانے کا تربیت یافتہ لگتا ہے
جسے فردا کو اغوا کرنے کا
خصوصی مشن سونپا گیا ہے
یا کسی عہدِ عتیق کی
ہڈیوں سے نکلی ہوئی جینیاتی سازش کا حصہ
جسے خلیوں میں چھپی
اولین سچائی کے کوڈز معلوم ہیں
اور وہ انہیں چپکے چپکے
دوسری دنیاؤں کے ذی ارواح میں منتقل کرنا چاہتا ہے
جہاں ان کی مدد سے
سدا بیدار اعلیٰ تعبیراتی کلونز بنائیں جائیں گے
اور خوابوں میں آمد و رفت کے راستے
ہر خلائی مخلوق کو ازبر کرائے جائیں گے
اس خواب کاری سے بچنے کے لیے
میں دن رات جاگنے کی مشق کر رہا ہوں
اور دائمی نیند کی تیاری بھی
مجھے کسی بھی طرح اس خواب کو
آنکھ بدر کرنا ہے
یا نیند مقابلے میں ہلاک کرنا ہے
ورنہ وہ شب خیزیا
نوعِ انسان و بنی جان کی نیندیں اچٹانے
اور راتیں اجاڑنے میں کامیاب ہو جائے گا
اور رت جگے
سوئے ہوئے بچوں کی معصومیت سمیت
پوری کائنات کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے!

[/vc_column_text][/vc_column][vc_column width=”1/3″][vc_column_text]
[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row][vc_row][vc_column][vc_column_text]

[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row]

Leave a Reply