Laaltain

دشمنی کی فارینزک رپورٹ

13 دسمبر, 2016
Picture of وجیہ وارثی

وجیہ وارثی

دشمنی کی فارینزک رپورٹ
ہم دونوں ایک ہی قبر میں دفن کر دیے گئے
ہم نے دشمنی ترک کرنے کااعلان کیا
دشمنی جو صدیوں سے جاری ہے

پیار کے پیچیدہ نقشے والی ٹیبل پر ہم دونوں بیٹھے تھے
ایک طرف پھولوں کا گلدستہ رکھا تھا
اُن لوگوں کے لیے جن کی گردنیں ہمارے اجداد نے کاٹی تھیں

وہ بھی گلدستہ لایا تھا
اپنے باپ کی قبر پر اُگنے والے تُلسی کے پھولوں کا
میں دونالی بندوق میں گلاب لایا
وہ بتی والی بندوق میں گیندے کا
معاہدۂ امن تیار
ہم دونوں انگوٹھا لگانے والے تھے

ڈھس ڈھس ڈھس تین گولیوں کی آواز

ہم دونوں کے خون سے معاہدۂ امن سرخ ہو گیا

دشمنی پھر سے شروع ہو گئی
ہماری اگلی نسل بارود بنانے والے کارخانے میں ملازم ہو گئی

گولی کس نے چلائی تھی

کیا وہ کارخانے کا مالک تھا

یہ تو دشمنی کی فارینزک رپورٹ آنے کے بعد پتا چلے گا

ہمارے لیے لکھیں۔