ہاں تو میں تمہیں بتا رہا تھا کہ میری زندگی میں بہت بار ایسے ہوا ہے کہ میں حقیقت اور خواب کے درمیان فرق نہ کر سکا۔ ایک بار میں نے خواب دیکھا کہ میں مر چکا ہوں مجھے لوگوں کے رونے کی آوازیں سنائی دینے لگیں۔ میں نے مزید غور کیا تو چند لوگوں کی سرگوشیاں تک مجھے سمجھ آنے لگیں میرا ایک دوست کہہ رہا تھا کہ بہت برا ہوا اس کی موت ہو گئی یہ تو ایک کہانی مکمل کر رہا تھا ایسی کہانی جس کو لکھنے کا خواب اس نے تمام عمر دیکھا مگر موت نے مہلت نہ دی اور کہانی نامکمل رہ گئی۔۔۔ کہاں ہے وہ کہانی ہم اس کہانی کو خود ہی مکمل کر لیتے ہیں۔۔۔ لیکن ہم اس کہانی کو کیسے مکمل کریں گے؟ شاید یہ اسی کہانی کی وجہ سے مر گیا ہو۔۔۔۔ ہاں ہو سکتا ہے ہمیں یہ کہانی مکمل نہیں کرنی چاہیے۔۔۔
پھر مجھے اچانک خیال آیا کہ اگر میں مر چکا ہوں تو ان لوگوں کی آوازیں کیسے سن پا رہا ہوں؟ اب دیکھو نا مردے نہ تو بولتے ہیں اور نہ ہی سن سکتے ہیں۔ مجھے لگا میں یقیناً خواب کی حالت میں ہوں جو ایسے عجیب و غریب واقعات رونما ہو رہے ہیں مگر مجھے ایک بات کی سمجھ نہیں آئی کہ میں کونسی کہانی لکھ رہا تھا؟ انہیں کیسے معلوم ہوا کہ میں کوئی کہانی لکھ رہا تھا جسے مکمل نہیں کر پایا۔ خیر خواب میں کچھ بھی ہو سکتا ہے آدمی کسی بھی واقعے کو رونما ہوتا ہوا دیکھ سکتا ہے۔۔ تم خوابوں کے بارے میں کچھ جانتے ہو؟ تم جب سے آئے ہو خاموش بیٹھے ہو بولتے کیوں نہیں؟ مسکراؤ مت میری بات کا جواب دو۔۔۔ اچھا چلو میں اپنی بات مکمل کرتا ہوں پھر تم مجھے اپنے بارے میں بتانا۔۔۔ ایک بار ایسا ہوا کہ میں کئی دن سو نہیں سکا۔۔ میں نے نیند کی گولیاں بھی لیں مگر مجھے نیند نہیں آئی۔۔۔ یہ سلسلہ کچھ روز تک چلتا رہا ایک دن بستر پر لیٹے ہوئے مجھے خیال آیا کہ ایسا ممکن نہیں ہے کہ انسان نہ سوئے اور مرنے سے بچ جائے اگر کچھ دن اور مجھے نیند نہ آئی تو میں مر جاؤں گا۔۔ مجھے لگا شاید میں کسی خواب میں یہ سب کچھ ہوتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔۔۔ اسی خیال میں میری آنکھ لگ گئی اور خواب میں وہی ہوا جو میں تمہیں پہلے بتا چکا ہوں۔۔۔
“تم کس سے باتیں کر رہے ہو؟”
میرے سامنے بیٹھا ہوا شخص تمہیں نظر نہیں آتا؟
“مگر تمہارے سامنے تو کوئی شخص نہیں ہے”
شاید کمرے کے دوسرے حصے میں روشنی کم ہے اس لئے تمہیں یہ شخص دکھائی نہیں دے رہا یہاں سے آ کر دیکھو وہ سامنے شخص بیٹھا ہوا ہے وہ صرف مسکراتا ہے مگر کسی سے بات نہیں کرتا
“اب تم دن میں کھلی آنکھوں سے خواب دیکھنے لگ گئے ہو کمرے میں میرے اور تمہارے علاؤہ کوئی نہیں ہے”
۔۔۔ تم اس شخص سے بحث مت کرو اسے میں کبھی نظر نہیں آؤں گا۔۔۔۔
کیوں۔۔ کیوں نہیں۔۔ تم اسے نظر کیوں نہیں آؤ گے؟
“تم پاگلوں کی طرح کس سے بات کر رہے ہو”
نہیں ایسا نہیں ہو سکتا اس کمرے میں وہ دیکھو میرے سامنے ایک شخص بیٹھا ہوا۔۔۔ جاؤ اس کرسی کے قریب جاؤ
۔۔۔ میں تمہیں بتا چکا ہوں کہ اسے میں کبھی نظر نہیں آؤں گا۔۔۔
مگر کیوں ؟ مگر کیوں تم اسے نظر نہیں آؤ گے؟
۔۔۔۔ کیونکہ یہ شخص خواب دیکھ رہا ہے اور میں اس کے خواب میں مر چکا ہوں۔۔۔
(چلاتے ہوئے) کیا مطلب ہے تمہارا اگر یہ شخص خواب دیکھ رہا ہے تو میں اسے کیسے نظر آ رہا ہوں کیا تم یہ تو نہیں کہنا چاہ رہے کہ میں ابھی تک اس کے خواب میں زندہ ہوں؟
۔۔۔ نہیں، تم صرف میرے خواب میں زندہ ہوں۔۔۔۔