حرف
ایک حرف
ایک حرف بھی نہیں
تیرے ہاتھ کا لکھا میرے پاس
ایک حرف بھی نہیں
مجھے کیا خبر کہ تم
‘س’ کیسے سیتی ہو
‘ر’ کیسے رنگتی ہو
‘م’ کیسے موڑتی ہو
‘د’ کیسے دھرتی ہو
اور یہ یک شکل
لاکھوں مشینی ہجے
مجھے سخت بے معنی لگ رہے ہیں
ایک کلک کی مار یہ دھوکے
کتنے فانی لگ رہے ہیں۔۔۔۔