Laaltain

لکھتے رہو

25 مئی, 2017
Picture of ابرار احمد

ابرار احمد

لکھتے رہو
جو سر میں بھر گئے ہیں
انگلیوں میں سرسراتے، آنکھ میں کانٹے اگاتے ہیں
انہی لفظوں سے لکھ دیکھو
بیاں ممکن نہیں ہے
اس کا، جو تم جھیلتے ہو
کہ پہلی آنکھ کھل جانے سے
لمبی تان کر سونے کا عرصہ
بوجھ ہوتا ہے
سو کندھے ٹوٹتے، ٹخنے ترختے ہیں
دکھن ہوتی ہے
خالی پن میں گدلی گونج چکراتی ہے
برتن ٹوٹتے بجتے ہیں
بجتے ٹوٹتے رہتے ہیں
آنگن میں، رسوئی میں

کوئی صورت بدلتی دھند سی ہے
گھاس کے تختوں پہ
کیچڑ سے بھری راہوں میں
چکنے فرش پر
دن کی سفیدی میں
محبت سے لدے دل میں
سنہری خواب کے لہراتے اندر میں۔۔۔

تمھاری ہی طرح کے لوگ
بالوں سے پکڑ کر کھینچتے ہیں ۔۔۔۔ راستوں پر
بے حیائی سے
بہت تذلیل کرتے ہیں
کوئی ملبوس ہو، کوئی قرینہ ہو
ادھڑ جاتا ہے، آخر کو —–

کناروں پر ہے خاموشی
گھنی تاریکیاں ہیں
کیا کرن کوئی تمہاری ہے؟
کوئی آنسو، کوئی تارا
تمہیں رستہ دکھائے گا؟
کوئی سورج ، تمھارے نام سے چمکے گا آخر کو؟

حقیقت تھی ۔۔۔۔ سوال اولیں
اور بس ——

اور اس کے بعد میں کیا ہے
فقط خفت ہے، ننگی بے حیائی ہے
ڈھٹائی ہے —
جیے جاؤ ندامت میں
مگر لکھتے رہو
دیوار سے سر مار کر —
کہ عظمت خبط ہے
سب واہمہ ہے
یہ لہو کی گنگناہٹ بھی
کہ دانائی بھی اک بکواس ہے
آواز بھی، چپ بھی
یہاں ہونا، نہ ہونا بھی
وہی قصہ پرانا ہے
تو پھر لکھتے رہو
بیگار میں
بیکار میں لکھتے رہو
کیا فرق پڑتا ہے !

ہمارے لیے لکھیں۔