Laaltain

تم وہی رہو، جو ہو

22 اکتوبر, 2017
Picture of زاہد امروز

زاہد امروز

جیسے میں چاند کے دو پستان بنانا چاہتا ہوں
جیسے میں چاہتا ہوں
سورج میری بانہوں میں ڈوبے
اور تمہارے سینے کی گھاٹی سے اُبھرے
میں دن کو شب کی ناف سے پیدا کرنا چاہتا ہوں

میں دیکھتا ہوں
جیسے ہر دو چیزیں
اِک دوجے سے دور ہوئی جاتی ہیں
جیسے میری روح خزاں کا پھول ہے
جیسے میرا دل ایک سمندری گھونگا ہے
جیسے ساری دنیا ایسی ہے
جیسی وہ رہنا چاہتی ہے
اِسی طرح جو تم ہو
گندم کا دودھیا خوشہ
چھلی ہوئی بے پردہ چھلّی
اِسی طرح تم وہی رہو
پوری اور ادھوری
جس کا دل ہے سیّاروں کا سورج
جس کا جسم ہے ساری کائنات

اِسی طرح تم وہی رہو
عیاری اور منافقتوں سے پاکیزہ
جس کو پوجنا چاہتا ہے
دنیا کا مکّار خدا!

ہمارے لیے لکھیں۔