بسم اللہ الرحمن الرحیم
شاہی خاندان کے معززاراکین، نارویجین نوبل کمیٹی کے محترم اراکین ،عزیز بہنو اور بھائیو آج کا دن میرے لیے بے حد خوشی کا باعث ہے۔ مجھ عاجز و ناکس کو اس اعزاز کااہل قرار دینے پر میں نوبل کمیٹی کی شکر گزار ہوں۔
آپ سب کی مستقل محبت اورمسلسل تعاون پرمیں آپ سب کابھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔دنیا بھر سے موصول ہونے والے تہنیتی پیغامات اور خطوط پر میں آپ سب کی ممنون ہوں۔آپ کے مہربان اور حوصلہ افزا الفاظ میری ہمت بندھاتے ہیں۔
میں اپنے والدین کی غیر مشروط محبت پر ان کی احسان مند ہوں، میں اپنے والد کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میرے پر نہیں کترے اور مجھے اڑنے کی آزادی دی۔میں اپنی والدہ کی ممنون ہوں جن سے مجھے اسلام کے حقیقی پیغام صبر، تحمل اورحق گوئی کا درس ملا۔
مجھے امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی پہلی پشتون، پہلی پاکستانی اور کم عمر ترین فرد ہونے پر فخر ہے۔مجھے یقین ہے کہ میں وہ واحد نوبل انعام یافتہ ہوں جو ابھی بھی اپنے چھوٹے بھائیوں سے لڑتی جھگڑتی ہے۔میں ہر جگہ امن چاہتی ہوں مگر اپنے بھائیوں کے ساتھ نوک جھونک پر قابو نہیں پا سکی۔
میرے لیے بچوں کے حقوق کے لیے جدوجہد میں کئی برس سے مصروف انسانی حقوق کے معروف کارکن کیلاش ستیارتھی کے ساتھ یہ انعام وصول کرنا اعزااز کی بات ہے۔ان کی جدوجہد کا دورانیہ میری عمر سے بھی دوگنا ہے۔میرے لیے یہ نہایت خوشی کا باعث ہے کہ ہم (ہندوستان اور پاکستان ) اکٹھے کھڑے ہو سکتے ہیں اور دنیا کو یہ دکھاسکتے ہیں کہ امن اور بچوں کے حقوق کے لیے ایک ہندوستانی اور پاکستانی مل کر کام کرسکتے ہیں۔
عزیز بہنو اور بھائیومیرا! نام میوند کی عظیم پشتون حریت پسندملالہ کے نام پر رکھا یا ہے جس کا مطلب غمگین اور افسردہ ہے لیکن میری دادی ہمیشہ مجھے “ملالہ – دنیا کی سب سےزیادہ خوش و خرم لڑکی “کہہ کر پکارا کرتی تھیں اور آج میں واقعی بے حد خوش ہوں کہ ہم ایک عظیم مقصد کی خاطر متحد ہیں۔
یہ انعام صرف میرانہیں بلکہ ان تمام فراموش شدہ بچوں کا ہے جو تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔یہ ان تمام خوفزدہ اور سہمے ہوئے بچوں کے لیے بھی ہے جو امن چاہتے ہیں، ان بے زبان بچوں کا بھی جو تبدیلی کے خواہاں ہیں۔
میں یہاں ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کو کھڑی ہوں، یہ وقت ان پر ترس کھانے کا نہیں بلکہ یہ وقت کسی بھی بچے کو آخری مرتبہ تعلیم سے محروم دیکھنے کے لیے جدوجہد کا وقت ہے۔
بعض مجھے اس لڑکی کے طور پر یاد رکھتے ہیں جسے طالبان نے گولی کا نشانہ بنایا
اور کچھ کے نزدیک میں وہ لڑکی ہوں جس نے ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی
اور بہت سے مجھے اب نوبل انعام یافتہ کہتے ہیں۔
لیکن جہاں تک میں جانتی ہوں، میں خود کو ہر بچے کی تعلیم، خواتین کے یکساں حقوق اور دنیا کے ہر کونے میں امن کے لیے مستقل مزاجی اورپختہ عزم کے ساتھ ان تھک کام کرنے والا سمجھتی ہوں۔
میں نے اپنی سترہ سالہ زندگی سے سیکھا ہے کہ تعلیم زندگی کی ضرورت بھی ہے اور نعمت بھی۔پاکستان کے شمال میں واقع اپنے آبائی علاقہ سوات میں مجھے ہمیشہ سکول جانا اور نئی چیزیں سیکھنا پسند تھا۔مجھے یاد ہے کہ کس طرح میں اور میری سہیلیاں مختلف تقاریب اور تہواروں کے لیے اپنے ہاتھوں پر مہندی سے پھول بوٹے بنانے کی بجائے ریاضی کے کلیہ اور مساوات لکھا کرتی تھیں۔
ہمیں علم کی جستجو تھی کیوں کہ ہم جانتی تھیں کہ ہمارا مستقبل کمرہ جماعت سے وابستہ ہے۔ہم مل بیٹھ کر پڑھتی اور سیکھتی تھیں۔ہمیں صاف ستھری وردی پہننا پسند تھا، ہم اپنی آنکھوں میں بڑے بڑے خواب سجایا کرتی تھیں ۔ہم چاہتی تھیں ہمارے والدین کو ہم پر فخر ہو ، ہم تعلیم کے ذریعہ وہ کارنامے سرانجام دینا چاہتی تھیں جو دنیا کے نزدیک صرف لڑکوں کے لیے مخصوص ہیں۔
تعلیم کا حق جرم قرار دے دیا گیا۔
لیکن میری دنیا بدلتے ہی میری ترجیحات بھی بدل گئیں۔
میرے پاس دو ہی راستے تھے، ایک یہ کہ میں چپ رہوں اور مار دیے جانے کا انتظار کروں،اور دوسرا یہ کہ آواز اٹھاوں اور مار دی جاوں، اور میں نے آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
دہشت گردوں نے مجھے اور میری سہیلیوں کو 9 اکتوبر 2012 کو گولیوں کا نشانہ بنا کر روکنے کی کوشش کی لیکن ان کی گولیاں شکست کھا گئیں۔
ہم بچ گئے اور اس روز کے بعد سے ہماری آوازیں بلند ہوتی چلی گئیں۔
میں اس لیے اپنی کہانی نہیں سناتی کہ یہ منفردہے بلکہ اس لیے سناتی ہوں کہ یہ غیر معمولی نہیں ہے، یہ بہت سی لڑکیوں کی کہانی ہے۔
میں آج ان تمام لڑکیوں کی کہانی بھی سنا رہی ہوں۔آج میرے ساتھ نائجیریا، شام اور پاکستان کی ایسی بہنیں اور سہیلیاں بھی اوسلو آئی ہیں جن کی کہانی میرے جیسی ہے۔میرے ساتھ شازیہ اور کائنات ریاض ہیں جنہیں میرے ساتھ گولیوں کا نشانہ بننا پڑا۔انہیں بھی وہی صدمہ برداشت کرنا پڑا جو مجھ پر بیتا۔میرے ساتھ پاکستان سے آئی کائنات سومرو ہے جس نے ایک بھائی کھویا،تشدد اورجنسی بدسلوکی کا سامنا کیا مگر سر نہیں جھکایا۔
ملالہ فنڈ کی مہم کے دوران ملنے والی میری شامی بہن میزون بھی یہاں موجود ہے جو اب جارڈن کے ایک پناہ گزین کیمپ میں خیموں میں مقیم بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں مدد دے رہی ہے۔شمالی نائجیریا کی آمنہ ہیں جن کے وطن میں سکول جانے کی خواہش مند لڑکیوں کو بوکوحرام اغوا کرتی ہے۔
گو بظاہرمیں اپنی اونچی ہیل سمیت پانچ فٹ دو انچ قامت کی ایک فرد دکھائی دیتی ہوں،لیکن میں محض ایک آواز نہیں،میری آواز میں بہت سے آوازیں شامل ہیں؛
میں شازیہ ہوں
میں کائنات ریاض ہوں
میں کائنات سومرو ہوں
میں میزون ہوں
میں آمنہ ہوں
میں سکول جانے سے محروم چھ کروڑ ساٹھ لاکھ لڑکیوں جیسی ہوں۔
لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں تعلیم خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کیوں اہم ہے،میرا جواب ہمیشہ ایک ہی ہوتا ہے۔ قرآن کی پہلی وحی سے میں نے اقراء یعنی پڑھنے اور بالقلم یعنی “قلم کے ذریعہ “کا سبق سیکھا ہے۔
اور اسی لیے میں نے گزشتہ برس اقوام متحدہ میں کہاتھا،”ایک بچہ، ایک استاد، ایک کتاب اور ایک قلم دنیا بدل سکتے ہیں۔”
آج نصف دنیا میں ہم تیز رفتار ترقی، جدیدیت اور افزودگی دیکھتے ہیں، جب کہ دنیا کے بہت سے ممالک ابھی تک غربت، بھوک، ناانصافی اور جنگ جیسے قدیم مسائل کے باعث مصائب کا شکار ہیں۔
پہلی جنگ عظیم کے ایک سو برس مکمل ہونےپر 2014 ہمیں یاددہانی کرارہا ہے کہ ہم لاکھوں انسانی جانون کے ضیاع کے باوجود بھی ابھی تک تمام سبق نہیں سیکھ پائے۔
دنیا میں ابھی بھی ایسے تنازعات ہیں جن میں سینکڑوں ہزاروں افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں،شام، غزہ اور عراق کے متعدد خاندان نقل مکانی پر مجبور ہیں،شمالی نائجیریا میں کئی بچیوں کو ابھی تک سکول جانے کی آزادی نہیں،خود کش حملوں اور بم دھماکوں میں پاکستان اور افغانستان کے معصوم لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے۔
غربت کی وجہ سے بہت سے بچے سکول جانے سے محروم ہیں۔
سماجی ٹیبوز، بچوں سے مشقت کرانے اور کم سنی کی شادی کے باعث بہت سے بچے ہندوستان اور پاکستان میں تعلیم سے محروم ہیں۔
اپنی ہم مکتب کی اس کہانی کے باعث میں نے نوبل انعام کی رقم ملالہ فنڈ میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہےتاکہ دنیابھر میں لڑکیوں کو یکساں اور معیاری تعلیم دی جاسکے، میں دنیا بھر کے رہنماوں کوآمنہ، میزون اور مجھ ایسی لڑکیوں کی مدد کرنے کی دعوت دیتی میں۔اس فنڈ کی رقم سب سے پہلے میرے دل کے قریب میرے وطن پاکستان خصوصاًمیرے آبائی علاقہ سوات اور شانگلہ میں سکول تعمیر پر خرچ کی جائے گی۔
میں یہاں سے آغاز کر رہی ہوں مگر میری کوششوں کا اختتام نہیں، میری جدوجہد ہر بچے کو تعلیم ملنے تک جاری رہے گی۔حملے کے بعد میں خود کو پہلے سے زیادہ مضبوط سمجھنے لگی ہوں کہ اب کوئی مجھے نہیں روک سکتا، کوئی ہمیں نہیں روک سکتا،کیوں کہ اب ہم لاکھوں کی تعداد میں ہیں اور متحد ہیں۔
عزیز بھائیو اور بہنو !ہاں آج میں کھڑی ہوں یہیں ایک وقت تھا کہ دنیا بدلنے والے مارٹن لوتھر کنگ، نیلسن منڈیلا، مدرٹریسا اور آنگ سان سوچی جیسے عظیم لوگ بھی کھڑے ہوئےتھے ۔میں امید کرتی ہوں کہ میری اور کیلاش ستیارتھی کی گزشتہ کاوشیں اور آئندہ اقدامات بھی دیرپا تبدیلیوں کا باعث بنیں گے۔
میں امید کرتی ہوں کہ ہمیں اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے آخری بار جدوجہد کرنا پڑے گی۔ہم چاہتے ہیں کہ سب متحد ہوکر ہماری اس مہم کا ساتھ دیں تاکہ ہم اس مسئلہ کو ہمیشہ کے لیے حل کر سکیں۔
جیسا کہ میں کہہ چکی ہوں کہ ہم درست سمت میں بہت سے قدم اٹھا چکے ہیں مگر اب ایک جست لگانے کی ضرورت ہے۔
اب دنیا کے رہنماوں کو تعلیم کی اہمیت کا احساس دلانے کی ضرورت نہیں، وہ پہلے سے ہی اس سے واقف ہیں، ان کے اپنے بچے اچھے سکولوں میں پڑھ رہے ہیں۔ اب وقت ہے کہ دنیا کے رہنماوں کواس ضمن میں اقدامات کرنے پر مجبور کیا جائے۔
ہم دنیا بھر کے رہنماوں سے متحد ہونے اور تعلیم کو اپنی پہلی ترجیح بنانے کی دعوت دیتے ہیں۔
پندرہ برس قبل دنیا کے رہنماوں نے ملینیم ڈویلپمنٹ گولز پر اتفاق کیا تھا۔گزشتہ برسو ں کے دوران تعلیم کی صورت حال میں بہتری آئی ہے اور سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد آدھی رہ گئی ہے۔ تاہم ہماری تمام تر توجہ پرائمری تعلیم پر مرکوز ہے اور اس ترقی کے فوائد سب تک نہیں پہنچ پا رہے۔
اگلے برس 2015 میں دنیا کے مختلف ممالک کے نمائندے مل کر اگلےدیرپا ترقیاتی اہداف(Sustainable Development goals) کا تعین کریں گے جو آنے والی کئی نسلوں کے لیے عالمی خواہشات کی سمت متعین کریں گے۔ہمارے رہنماوں کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دنیا کے تمام بچوں کے لیے مفت اور معیاری پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانی چاہیے۔
ہوسکتا ہے بعض لوگ کہیں کہ یہ عملی طور پر ممکن نہیں، اس پر بہت خرچ آئے گا یایہ بہت مشکل ہے اور ممکن ہے بہت سے لوگ اسے ناممکن قرار دیں لیکن یہ وقت بڑے اہداف کے تعین کا ہے۔
اس عہد جدید اور اکیسویں صدی میں جس میں ہم سب زندہ ہیں کچھ بھی ناممکن نہیں۔ہم چاند تک پہنچ چکے ہیں اور مریخ بھی جلد ہمارے قدموں تلے مسخر ہو گا۔اسی لیے اس اکیسویں صدی میں ہمیں دنیا کے سب بچوں کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی کے خواب کی تعبیر کے لیے بھی پرعزم ہونا پڑے گا۔
آئیے ہم سب کے لیے برابری، انصاف اور امن کی جستجو کریں۔صرف رہنماوں اور سیاستدانوں کو ہی نہیں بلکہ مجھے ، آپ کو اورہم سب کو کوشش کرنا ہوگی، یہ ہمارا فرض ہے۔
میں دنیا بھر کے بچوں کو(پنے حقوق کے لیے ) اٹھ کھڑے ہونے کی دعوت دیتی ہوں۔
عزیز بھائیو اور بہنو!آئیے ہم مل کر وہ پہلی نسل بنے جو (تعلیم کے لیے کوشش کرنے والی)آخری نسل ثابت ہو۔خالی
کمرہ ہائے جماعت،کھوئے ہوئے بچپن اور صلاحیتوں کے ضیاع جیسی خرابیاں ہمارے ساتھ ہی ختم ہوجائیں۔
آئیے! ہم کوشش کریں کہ یہ آخری بار ہو کہ کوئی بچہ یا بچی اپنا بچپن کارخانوں میں جھونکنے پر مجبور ہو۔
آئیے! ہم کوشش کریں کہ یہ آخری بار ہو کہ کسی بچی کو کم عمری میں شادی پر مجبور کیا جائے۔
آئیے! ہم کوشش کریں کہ یہ آخری بار ہو کہ کوئی معصوم جان جنگ کی نذر ہو۔
آئیے! ہم کوشش کریں کہ یہ آخری بار ہو کہ کوئی کمرہ جماعت طالب علموں سے خالی ہو۔
آئیے! ہم کوشش کریں کہ یہ آخری بار ہو جب کسی بچی کو کہا جائے کہ تعلیم اس کا حق نہیں بلکہ جرم اور گناہ ہے۔
آئیے! ہم کوشش کریں کہ یہ آخری بار ہو جب کوئی بچہ سکول جانے سے محروم رہے۔
آئیے! ہم اس انجام کا آغاز کریں
آئیے! ہم کوشش کریں کہ یہ سب (ظلم )ہمارے ساتھ ختم ہو
آئیے! ہم ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کا آغاز ابھی اور یہیں سے کریں۔
شکریہ۔