محمد شعیب
بہاوالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس میں مختلف تعلیمی پروگراموں میں داخلے کے لئے ہائرایجوکیشن کمیشن سے این او سی لئے بغیر قومی روزناموں میں اشتہارات دیئے گئے ہیں۔ لاہور کیمپس کے لئے دیئے گئے اس اشتہار کے نتیجے میں پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے این او سی اور یونیورسٹی سینڈیکیٹ کا اجازت نامہ نہ ہونے پر کیمپس بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ سینڈیکیٹ کی منظوری سے آگاہی پر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے کیمپس بند کرنے کا حکم نامہ منسوخ کر دیا ہے۔ تاہم یونیورسٹی کے لاہور سب کیمپس میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے سے متعلق این او سی ابھی تک حاصل نہیں کیا جاسکا جس سے داخلے کے خواہش مند طلبہ کے لئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ یونیورسٹی نے ایم فل، ماسٹرز اور بی ایس آنرز پروگرام کے لئے مختلف مضامین میں داخلے کا اشتہار دیا تھا۔ داخلے کے کے بعد ڈگری کی ویریفیکیشن کے سلسلے میں ماضی میں الخیر یونیورسٹی، آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی ، پنجاب یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ بارہا مظاہرے کر چکے ہیں۔ پاکستان میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز،ثانوی تعلیمی بورڈز اور دیگر ادارے تعلیمی پروگراموں کی تصدیق اور تعلیمی اداروں کی منظوری کے لئے کام کر رہے ہیں۔ تاہم اخبارات میں غیر معروف اور غیر قانونی اداروں کے پر کشش اشتہارات داخلے کے بعد طالب علموں کے تعلیمی سال کے ضیاع کا باعث بنتے ہیں۔