نام کیا ہے ترا ؟؟
زندگی !!
چپ کے اس شہر میں
زندگی جرم ہے
تم پہ اس زندگی کی دفعہ لگتی ہے
کام کیا ہے ترا ؟؟
بندگی !!
اس گناہوں کے بیوپار میں
میرے تھانے کے ہر کوچہ و بازار میں
بندگی جرم ہے
تم پہ اس بندگی کی دفعہ لگتی ہے
گھر کہاں ہے تیرا ؟؟
یہ سڑک یہ گلی !!
تو ذرا دیکھ تو
جسم پر یہ تیرے
خواب کے کتنے مہلک جراثیم ہیں
تو تو ان کو گرا کر چلا جائے گا
اور پھر میونسپلٹی کے آنے تلک
شہر میں یہ وبا پھیل بھی سکتی ہے
تم پہ اک خواب کو بانٹنے کی دفعہ لگتی ہے
آنکھ کے روزنوں میں چھپاتا ہے کیا ؟؟
جی ________وہ ہے روشنی !!
اوہ —-اچھا تو تو چور ہے
تم نے سورج سے کیوں روشنی چوری کی
تم پر دن لوٹنے کی دفعہ لگتی ہے
تم کو اب وقت کی ہتھکڑی لگتی ہے
Image: Fadia Affash