احمد فرہادمیں حکیم اللہ محسود ہوں کیا تم نہیں جانتے؟ جانتا ہوں۔ میں تحریک طالبان کا امیر ہوں کیا تم نہیں جانتے؟۔ جی میں جانتا ہوں۔ تو پھر میں یہ اقرار کرتا ہوں کہ یہ دھماکہ ہم نے کیا ہے۔ ہاں یہ دھماکہ ہم نے کیا ہے۔ یہ تیس فوجی،سات بچے،دو عورتیں اور پانچ مرد ہم نے اڑائے ہیں۔ پچھلے دنوں پچاس فوجیوں کی گردنیں ہم نے کاٹی تھیں۔۔ ہم مزید لوگ اڑائیں گے ۔۔ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ جب تک پاکستان کے چپے چپے پر اسلام نافذ نہیں ہو جاتا۔ بتاؤ اب مانتے ہو کہ نہیں؟۔نہیں نہیں ایسا نہ کہیں۔ میں نہیں مان سکتا امیر میں نہیں مان سکتا۔
خبیث شخص کیا کچھ دیر پہلے میں نے تمہارے سامنے ایک ایف سی اہلکار کی گردن نہیں کاٹی ؟
نہیں نہیں یہ کام آپ نے نہیں کیا۔ نہیں نہیں میری آنکھوں نے کچھ نہیں دیکھا۔ نہیں نہیں میری آنکھیں دھوکہ کھا رہی تھیں۔ یہ ظلم آپ کر ہی نہیں سکتے۔
تمہارا دماغ خراب ہے کیا؟۔
نہیں میرا دماغ ٹھیک ہے ا میر۔
تو پھر مانتے کیوں نہیں۔
مانتا تو ہوں۔ کیا مانتے ہو؟۔
کہ یہ دھماکہ آپ نے نہیں کیا۔
خر زاد کیا عجیب شخص ہو تم؟لعنت ہو تم پر۔
نہیں امیر میں نہیں مان سکتا۔ میں کچھ بھی نہیں مان سکتا۔ اور وہ چند ماہ پہلے کی ویڈیو جس میں آپ ایک فوجی کا گلہ کاٹ رہے تھے وہ بھی جعلی تھی۔ اور یہ بھی مانتا ہوں کہ آپ نے آج تک مکھی بھی نہیں ماری۔
پاگل شخص اب تمہیں اور کیا ثبوت دیں۔
ثبوت نہیں رہائی چاہیے۔
رہائی نہیں تمہیں اب زندگی سے ملے گی۔
تم نے ہمارا نام خراب کیا ہے۔
حضور خدارا ایسا مت کہیے۔یا امیر آپ ایسا کچھ نہیں کر سکتے۔میں تو آپکا حامی ہوں ۔
لعنت ہو تم پر۔۔ تم زندیق ہو۔تمہیں مجاہدین کی طاقت پر شک ہے۔تم واجب القتل ہو۔تم حامی نہیں ہمارے۔تم بزدل ہو۔۔ ہم بہادر ہیں۔ہم مار کر بتاتے ہیں۔
نہیں امیر کچھ بھی ہو جائے میں کبھی نہیں مانوں گا کہ یہ آپ نے کیا ہے۔ یہ امریکہ نے کرایا ہے۔ یہ بھارت نے کرایا ہے۔ اگر کسی نے نہیں تو یہ ظلم ہماری فوج نے خود کیا ہے۔ ہم نے کیا ہے۔ ہماری ایجنسیوں نے کیا ہے۔ میں نے کیا ہے ۔ مگر آپ نے ہر گز نہیں کیا۔
کیا تم نے خود کش حملہ آور کی جاتے ہوے ویڈیو نہیں دیکھی۔ جی دیکھی تھی ۔ کیا اس لڑکے نے حملے کی پوری منصوبہ بندی نہیں بتائی؟۔
جی بتائی تھی۔
کیا اس نے نہیں بتایا کہ وہ کون ہے اور اسے کون بھیج رہا ہے؟۔
جی بتایا تھا۔
کیا خود کش حملہ آور اور ویڈیو والا لڑکا ایک ہی نہیں تھے؟۔
جی جی دونوں ایک ہی تھے۔
کیا ویڈیو میں اس کے ساتھ میں موجود نہیں تھا ؟۔
جی جی آپ بھی تھے میرے امیر۔
تو پھر تم نے بار بار میڈیا میں بیان کیوں دیا کہ یہ ہم نے نہیں کیا؟۔ تم جھوٹے ہو۔جھوٹے کو خدا پسند نہیں کرتا۔
نہیں امیر ایسا مت کہیے۔میں اب بھی کہتا ہوں کہ آپ ایسا نہیں کر سکتے۔آپ تو جہاد کر رہے ہیں۔آپ نے آج تک پتا بھی نہیں توڑا ۔
اڑا دو اس کے بیٹے کو۔
نہیں امیر رحم۔
تڑاخ۔۔۔تڑاخ۔۔تڑاخ ۔
ہائے امیر یہ کیا ظلم ہو گیا۔۔یہ کیا آفت ٹوٹ پڑی مجھ پر
اب بتا تیرے بیٹے کو کس نے مارا؟
نہیں امیر میں نے نہیں دیکھا۔۔مجھ سے قسم لے لیجیے میں نے نہیں دیکھا
لعنتی آدمی تو کس مٹی کا بنا ہے۔ خبیث انسان تو نے ہمیشہ ہماری محنت کا صلہ امریکہ بھارت اور اسرائیل کے کھاتے میں ڈالا ہے ۔تو نے ہمارے مجاہدین کی قربانیوں کا انکار کیا ہے۔ تونے میڈیا پر لوگوں کو گمراہ کیا ہے۔لگتا ہے توامریکہ کے لیے کام کرتا ہے۔ اسی لیے ہم تمہیں اور تمہارے بیٹے کو اغواء کر کے لائے ہیں۔اب تمہاری باری ہے۔
نہیں نہیں آپ ایسا نہیں کر سکتے ۔ ہم بہادر ہیں ہم کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
تڑاخ۔۔۔تڑاخ۔۔۔تڑاخ۔۔۔
احمد فرہاد پیشہ کے اعتبار سے صحافی اورکیپیٹل ٹی وی میں سینئر ایسوسی ایٹ پروڈیوسر ہیں۔ صحافت کے علاوہ نغمہ نگاری، ڈرامہ نویسی اور شاعری میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔ مختلف موضوعات پر ان چار کتابیں شائع ہو چکی ہیں ۔ ان تصانیف کی متعدد اداروں نے اعزازات اور انعامات کی شکل میں پذیرائی کی ہے۔