Laaltain

اقلیتی طلبہ کے لیے خصوصی وظائف، پیچیدہ طریقہ کار پر طلبہ کا اعتراض

6 اپریل, 2015
Picture of لالٹین

لالٹین

campus-talks

پنجاب حکومت نے اقلیتی طلبہ کے لیے پندرہ ہزار سے پچاس ہزار روپے تک کے تعلیمی وظائف کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے یہ تعلیمی وظائف پنجاب حکومت کے تعلیمی اداروں اور پنجاب میں قائم وفاقی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو دیے جائیں گے۔ یہ وظائف محکمہ اقلیتی امور و انسانی ترقی کی جانب سے دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق یہ وظائف میٹرک سے پی ایچ ڈی تک کے سرکاری اداروں کے ریگولر طلبہ کو دیے جائیں گے۔ وظیفہ حاصل کرنے کے لیے متعلقہ تصدیق شدہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 اپریل مقرر کی گئی ہے تاہم بعض طلبہ نے وظائف کے حصول کے پیچیدہ طریقہ کار کے باعث آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ بہاوالدین زکریا یونیورسٹی میں پڑھنے والے اقلیتی طالب یونس کا کہنا تھا کہ فارم جمع کرانے کا طریقہ کار بے حد طویل ہے،”فارم کے ساتھ تعلیمی اسناد کی گریڈ سترہ یا زائد کے سرکاری افسر کی تصدیق کردہ نقول اور ماہانہ آمدنی کا سرٹیفیکیٹ بھی فراہم کرنا ہے جس کا حصول مشکل ہے۔” یونس نے حتمی تاریخ میں اضافے کا مطالبہ بھی کیا۔
حکومت کی جانب سے پہلے ہی فارم بذریعہ ڈاک پہنچانے کی حتمی تاریخ کو 30 مارچ سے بڑھا کر 7 اپریل کیا گیا تھا تاہم طلبہ اس مدت میں مزید توسیع کے خواہش مند ہیں۔ ماہرین تعلیم نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے اور اس امرسے اقلیتوں میں شرح خواندگی بہتر ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔

ہمارے لیے لکھیں۔